Sunday , June 24 2018
Home / Top Stories / جیہ بچن 1000 کروڑ روپئے مالیتی اثاثوں کی مالک

جیہ بچن 1000 کروڑ روپئے مالیتی اثاثوں کی مالک

٭ امیتابھ بچن کے پاس 9 لاکھ روپئے کا پین
٭ 62 کروڑ روپئے مالیتی سونے کے زیورات
٭ 13 کروڑ کی قیمتی کاریں اور 4.1 کروڑ کی دستی گھڑیاں

نئی دہلی۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں میدان سیاست ایک ایسا میدان یا شعبہ ہے جس میں کود پڑنے والوں کا مقصد صرف اور صرف جلد سے جلد اور زیادہ سے زیادہ دولت کمانا ہوتا ہے۔ ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ 90% سیاست داں کروڑپتی ہیں۔ بعض کی تو دولت کا اندازہ بھی نہیں لگایا جاسکتا۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے رکن رویندر کشور سنہا کو اب تک دولت مند ترین ایم پی سمجھا جاتا تھا لیکن بالی ووڈ اداکارہ اور سماج وادی پارٹی کی رکن راجیہ سبھا جیہ بہادری (جیہ بچن) نے دولت کے معاملے میں رویندر کشور سنہا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پچھلے ہفتہ جیہ بچن نے اپنے اثاثوں کا اعلان کیا جس کے مطابق وہ 1000 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کی مالک ہیں جبکہ سنہا نے 2014ء میں اپنے اثاثوں کی مالیت 800 کروڑ روپئے بتائی تھی۔ جیہ بچن نے جمعہ کو راجیہ سبھا انتخابات کیلئے سماج وادی پارٹی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کی۔ انہوں نے سال 2012ء میں داخل کردہ اپنے حلف نامہ میں اعلان کیا تھا کہ وہ 493 کروڑ روپئے مالیتی اثاثے رکھتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے اور شوہر امیتابھ بچن کی غیرمنقولہ جائیداد کی مالیت 460 کروڑ روپئے سے زائد ہے جو 2012ء میں اعلان کردہ ان کی غیرمنقولہ جائیداد سے دوگنی ہے۔ 2012ء میں دونوں کی غیرمنقولہ جائیداد کی مالیت 152 کروڑ روپئے بتائی گئی تھی۔ اسی طرح ان کی منقولہ جائیداد کی قدر 343 کروڑ سے بڑھ کر 540 کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔ حلف نامہ میں بتایا گیا ہے کہ امیتابھ بچن اور جیہ بچن 62 کروڑ روپئے مالیتی سونا یا سونے کے زیورات کے مالک ہیں۔ امیتابھ 36 کروڑ روپئے مالیتی زیورات رکھتے ہیں۔ جیہ بچن کے ہاں جو جیویلری ہے، اس کی مالیت 26 کروڑ روپئے ظاہر کی گئی ہے۔ اس جوڑے کے پاس 12 قیمتی گاڑیاں ہیں جن کی مالیت 13 کروڑ روپئے سے زائد بتائی گئی ہے۔ ان گاڑیوں میں ایک رولس رائس، تین مرسڈیز، ایک پارش، ایک رینج روور اور ایک ٹاٹا نانو کار کے علاوہ ایک ٹریکٹر بھی شامل ہے۔ امیتابھ اور جیہ بچن بالترتیب 3.4 کروڑ روپئے اور 51 لاکھ روپئے کی دستی گھڑیاں بھی رکھتے ہیں۔ امیتابھ کے پاس ایک ایسا پین (قلم) بھی ہے جس کی قیمت 9 لاکھ روپئے ظاہر کی گئی ہے۔ بچن جوڑا فرانس کے برگنوگان پلیج میں 3,175 مربع میٹر کی ایک رہائشی جائیداد بھی رکھتا ہے۔اس کے علاوہ نوئیڈا، بھوپال، پونے، احمدآباد اور گاندھی نگر میں ان کی بے شمار جائیدادیں ہیں۔ اپنے حلف نامہ میں جیہ بچن نے بتایا کہ وہ لکھنؤ کی کاکوری علاقہ میں 2.2 کروڑ روپئے مالیتی 1.22 ہیکٹرس زرعی اراضی بھی رکھتی ہیں جبکہ ضلع بارہ بنکی کے دولت پور علاقہ میں امیتابھ بچن 3 ایکٹررس کا ایک پلاٹ بھی رکھتے ہیں جو 5.7 کروڑ روپئے مالیتی بتایا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT