Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / جیہ للیتا، کروناندھی دونوں کو الیکشن کمیشن کی نوٹس

جیہ للیتا، کروناندھی دونوں کو الیکشن کمیشن کی نوٹس

نئی دہلی ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج رات آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی سربراہ اور چیف منسٹر ٹاملناڈو جے جیہ للیتا اور ڈی ایم کے پارٹی کے صدر ایم کروناندھی کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر وجہ بتاؤ نوٹسیں جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین کے انتخابی منشور کمیشن کی رہنمایانہ خطوط کی ’’قابل لحاظ حد تک‘‘ تکمیل نہیں کرتے ہیں۔ دونوں نوٹسیں جو عملاً یکساں الفاظ پر مشتمل ہیں، کہتی ہیں کہ بادی النظر میں دونوں پارٹیوں کے
منشوروں نے کمیشن کی ہدایات کی مناسب طور پر پاسداری نہیں کی ہے۔ انتخابی پیانل نے انھیں جواب دینے کیلئے 15 مئی کو شام 5 بجے تک وقت دیا ہے کہ کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کی عدم تعمیل پر اپنے موقف کی وضاحت کریں، نیز اپنے منشور کے وعدوں کی واجبیت اور ان کیلئے درکار اقتصادی وسائل کے ذرائع بھی بتائیں۔
ووٹروں کو رشوت پر ٹاملناڈو کے
ایک اسمبلی حلقہ میں پولنگ ملتوی
نئی دہلی ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کے اسمبلی حلقہ ارواکوریچی میں انتخابی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی غیرقانونی سرگرمیوں کے سبب انتخابی عمل میں ’’سنگین بگاڑ‘‘ کا نوٹ لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے آج رات فیصلہ کیا کہ وہاں کی پولنگ موخر کردی جائے۔ کمیشن نے دستور کے آرٹیکل 324 کے تحت اپنے اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے حکمنامہ میں جس پر چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی اور ساتھی کمشنرز اے کے جوٹی اور او پی راوت نے دستخط کئے، کہا کہ اس حلقہ کا الیکشن 16 مئی کی بجائے اب 23 مئی کو منعقد کیا جائے گا۔ ٹاملناڈو کے ساتھ کیرالا اور پڈوچیری میں واحد مرحلہ کا اسمبلی الیکشن 16 مئی کو ہورہا ہے۔ ای سی نے کہا کہ ارواکوریچی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی 25 مئی کو ہوگی۔ (متعلقہ خبریں صفحہ 4 پر)

TOPPOPULARRECENT