Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / جیہ للیتا کی حکومت ملک بھر میں ’’سب سے زیادہ بدعنوان‘‘

جیہ للیتا کی حکومت ملک بھر میں ’’سب سے زیادہ بدعنوان‘‘

اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے پر ترقی کے پھول کھل اٹھیں گے، امیت شاہ کا دعویٰ
تروچیراپلی (ٹاملناڈو) ۔ 13 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ ملک بھر میں جیہ للیتا کی حکومت سب سے زیادہ کرپٹیڈ (بدعنوان) ہے  اور عوام سے کہا کہ 16 مئی کے اسمبلی انتخابات میں انہیں اقتدار سے بیدخل کردیں۔  بی جے پی لیڈر نے 3 مرکزی وزراء بشمول وزیر توانائی پیوش گوئیل کے ساتھ مشترکہ میڈیا کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مرکزی اسکیمات بشمول اودے پر عمل آوری میں ریاستی حکومت تعاون نہیں کر رہی ہے جس کا مقصد خسارہ سے دوچار برقی شعبہ کو خاطر خواہ مالی امداد فراہم کرنا ہے۔ مسٹر پیوش گوئل نے حال ہی میں کہا ہے کہ چیف منسٹر جیہ للیتا تک رسائی ناممکن ہوگئی ہے اور مرکز کی اودے اسکیم میں شمولیت سے انکار کرنے پر ریاستی حکومت کو تنقید کانشانہ بنایا تھا ۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو انا ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے کا متبادل قرار دیتے ہوئے مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ، دیہاتوں، غریب اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے عہد پر کاربند ہے اور مجھے یہ امید ہے کہ ٹاملناڈو کے عوام ، اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو ترجیح دیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان میں سب سے زیادہ بدعنوان حکومت کو اکھاڑ پھینکیں اور این ڈی اے کو ایک موقع دیں۔

بی جے پی سربراہ نے جیہ للیتا کو شدید تنقید کانشانہ بنایا ۔ گو کہ انا ڈی ایم کے نے پارلیمنٹ میں مسائل کی بنیاد پر نریندر مودی حکومت کی تائید بھی کی تھی ۔ انہوں نے یہ شکایت کی کہ ریاست میں مرکزی اسکیمات پر عمل آوری میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔ اس خصوص میں اودے کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسکیم صارفین کے مفاد میں شروع کی گئی ہے لیکن حکومت ٹاملناڈو نے سرد مہری اختیار کرلی ہے۔ علاوہازیں ریاست میں ایک اہم طبی ادارہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) کا ایک یونٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی لیکن کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا ۔ مسٹر امیت شاہ نے ڈی ایم کے اور انا ڈی ایم کے ساتھ کانگریس پر بھی کرپشن کا الزام عائد کیا اور بتایا کہ 2G اسکام (ڈی ایم کے) غیر محسوب اثاثہ جات کیس (انا ڈی ایم کے) ایرسیل ۔میکس (ڈی ایم کے) کانگریس لیڈر چدمبرم کے فرزند کیرتی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کیس اور دیگر کرپشن کی بدترین مثال ہے۔ تاہم نریندر مودی کے دو سالہ دورحکومت کے خلاف ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں آیا کیونکہ بی جے پی کا نصب العین ترقی اور تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو میں اگر این ڈی اے کو اقتدار میں لایا گیا تو ترقیاتی ایجنڈہ کو روبعمل لایا جائے گا اور یہ الزام عائد کیا کہ ریاست میں درواڑین پارٹیوں کے اقتدار میں ریت اور شراب کا مافیا عوام کا استحصال کر رہا ہے اور اب اس طرح کی صورتحال کو ختم کردینے کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT