Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / جی ایس ٹی بل پارلیمنٹ میں منظور ‘ وزیر اعظم کا اظہار تشکر

جی ایس ٹی بل پارلیمنٹ میں منظور ‘ وزیر اعظم کا اظہار تشکر

ٹیکس دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا ‘ ٹیم انڈیا کا اہم اقدام ‘یہ کسی جماعت یا حکومت کی نہیں ہر ایک کی کامیابی مودی کا تبصرہ
نئی دہلی 8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) طویل تاخیر کے بعد جی ایس ٹی دستوری بل کو آج پارلیمنٹ میں منظور کرلیا گیا اس طرح ملک میں ٹیکس اصلاحات کی سمت تاریخی پیشرفت ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ بل ٹیکس دہشت گردی کو ختم کرنے میں بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سے کرپشن اور کالے دھن کو روکا جاسکتا ہے اور صارفین کو بادشاہ بناتا ہے ۔ دستوری (  122ویں ترمیمی ) بل کو پہلے لوک سبھا نے مئی 2015 میں منظوری دیدی تھی ۔ اسے آج بھی ایوان زیریں میں پیش کیا گیا تاکہ اس میں راجیہ سبھا میں گذشتہ ہفتہ ہوئی ترامیم کو منظوری دی جاسکے ۔ حکومت نے چھ سرکاری ترامیم پیش کیں جن میں ایک فیصد اضافی ٹیکس کو ختم کرنا بھی شامل تھا ۔ اس تجویز کو راجیہ سبھا میں منظوری حاصل ہوگئی تھی ۔ چھ گھنٹوںکے مباحث کے بعد لوک سبھا میں اس بل کو منظوری دیدی گئی جبکہ ایوان میں موجود تمام 443 ارکان نے اس بل کی تائید میں ووٹ دیا جبکہ آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے ارکان نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کردیا ۔

مباحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے عاجزی کے ساتھ تمام جماعتوں کا جی ایس ٹی بل کی تائید کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے ہندوستانی جمہوریت کا شعور ظاہر ہوتا ہے کیونک یہ ایک بہت اہمیت کا حامل قانون تھا جسے نمبروں کی بجائے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اسے ’’ ٹیم انڈیا ‘‘ کا ایک بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے معیشت کو بہتر بنانے میں ‘ شفافیت لانے میں اور ایک ملک ایک ٹیکس کا نظام رائج کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کسی ایک جماعت یا حکومت کی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ ہر ایک کی کامیابی ہے کیونکہ اس سے ملک میں جمہوری اقدار کی کامیابی ظاہر ہوتی ہے ۔ جیٹلی نے مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ جی ایس ٹی کے تحت ٹیکس کی شرح کو ممکنہ حد تک اقل ترین سطح پر رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ریاستی حکومت عوام کو پریشان نہیں کرسکتی کیونکہ اعلی ترین شرح ٹیکس کا فیصلہ جی ایس ٹی کونسل کریگی ۔

انہوں نے تاہم جی ایس ٹی قانون کو منی بل کی طرح پیش کرنے پر کوئی تیقن نہیں دیا جس کا اپوزیشن نے مطالبہ کیا تھا ۔ اس بل کو اب ملک کی 29 ریاستی اسمبلیوں میں کم از کم 16 اسمبلیوں میں منظوری حاصل کرنی ضروری ہوگی ۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد ایسا ہوجائیگا ۔ وزیر اعظم نے بعد ازاں ٹوئیٹ کیا کہ ہماری جمہوریت کیلئے یہ ایک یادگار دن ہے ۔ آج ہم نے قوم کو ٹیکس دہشت گردی سے نجات دلانے کی سمت اہم پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی سے صارفین اور چھوٹے کاروبار کو نفع ہوگا جو ہماری قومی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی در اصل ٹیم انڈیا کا بہترین اقدام ہے ۔ یہ بہتری کی سمت پیشرفت ہے ۔ یہ شفافیت کی سمت قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس مسئلہ پر اپنے پیشرو منموہن سنگھ اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے بھی مشاورت کی ہے کیونکہ قومی مفاد سیاست سے مقدم ہے ۔

TOPPOPULARRECENT