Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی بل کی منظوری کیلئے کانگریس مدد کرے

جی ایس ٹی بل کی منظوری کیلئے کانگریس مدد کرے

ملک کے عوام نے نریندر مودی کے حق میں ووٹ دیا : وینکیا نائیڈو
حیدرآباد 13 ستمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج کانگریس سے کہا کہ وہ اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرے ۔ انہوں نے کانگریس سے درخواست کی کہ وہ جی ایس ٹی بل کی منظوری کیلئے حکومت کی مدد کرے کیونکہ اس کے نتیجہ میں ملک میںمعاشی ترقی کی شرح کو مزید 1.5 تا 2 فیصد تک بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ نائیڈو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو یہ جان لینا چاہئے کہ اسے شکست ہوگئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ ایک پارلیمانی امور کے وزیر کی حیثیت سے وہ کانگریس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں اور جی ایس ٹی بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے حکومت کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اس بل کی تائید کرنی چاہئے کیونکہ اس کے نتیجہ میں ملک کی ترقی اور نشو و نما میں مدد مل سکتی ہے ۔ ہندوستانی معاشی ترقی کی شرح اس سال 7 تا 8 فیصد ہونے کی امید ہے اور اگر جی ایس ٹی بل منظور کرلیا جاتا ہے تو اس میں مزید دیڑھ تا دو فیصد کا اضافہ ہوگا ۔ نائیڈو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اگر اس بل کو سرمائی سشن میں منظوری حاصل ہوتی ہے تو پھر اس کو ریاستی اسمبلیوں کی منظوری بھی حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کانگریس نے اقتدار پر رہتے ہوئے ملک کو پسماندگی میں ڈھکیل دیا اور اب ملک کو آگے بڑھنے سے روکا جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آر ایس ایس سیاست میں مداخلت نہیں کرتی ۔

TOPPOPULARRECENT