Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل

جی ایس ٹی بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل

عالمی مالیاتی بحران کے پیش نظر دیرینہ زیر التواء بل کی منظوری وقت کا تقاضہ ، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر شہری ترقی و پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہ کہتے ہوئے دیرینہ زیر التواء جی ایس ٹی بل کی منظوری میں اپوزیشن کا تعاون طلب کیا کہ عالمی مالیاتی بحران کے پیش نظریہ وقت کا تقاضہ ہے ۔ اسمارٹ سٹیز مشن پر یہاں ریجنل ورکشاپ کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کو ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے اہم اقدامات کرنے ہوں گے اور آٹھ سال سے زیر التواء جی ایس ٹی بل کو پیش کرنا اس سمت میں ایک قدم ہے ۔ قبل ازیں ہم کو کچھ اندیشے تھے ۔ مختلف ریاستوں کے پانچ وزراء نے سب کمیٹی اجلاسوں کی صدارت کی اور انہوں نے اسٹیک ہولڈرس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام امور کا جائزہ لیا ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بھی اس پر تمام ریاستوں کو متوجہ کیا ہے لہذا اس کی مخالفت کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا ’’ میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کے ٹھیک انعقاد کے لیے تعاون کریں ۔ اگر آپ کو کوئی اعتراض ہو تو آپ اسے ایوان میں اٹھا سکتے ہیں ۔ اگر وہ تجویز کی مخالفت کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ دینے کا حق ہے ‘‘ ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے سیشن میں توسیع کرنے کے لیے
بھی سنجیدہ ہے تاہم اس کا فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد کیا جائے گا ۔ میں نے اپوزیشن جماعتوں کے سینئیر قائدین سے اس سلسلہ میں بات کرنا شروع کردیا ہے اور یہ کام ایک یا دو دن میں مکمل ہوگا اور بات چیت کے اختتام پر سیشن میں توسیع سے متعلق کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ ’ اسمارٹ سٹیز مشن ‘ پر ریجنل ورکشاپ کے مندوبین سے مخاطب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے ملک میں اسمارٹ سٹیز کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت ان شہروں کو ترقی کے سات مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فروغ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سٹیز کو فروغ دینے کی ذمہ داری کلکٹرس ، مئیرس اور میونسپل کمشنرس پر ہوگی ۔ 12 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 40 مقامات پر اسمارٹ سٹیز کو فروغ دینے کی تجویز ہے ۔ اس ورکشاپ میں مئیرس ، میونسپل چیرمین ، میونسپل کمشنرس اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے لیبر بنڈارو دتاتریہ نے بھی اس ورکشاپ میں شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT