Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / جی ایس ٹی مسئلہ :سونیا گاندھی سے وینکیا نائیڈو کی ملاقات

جی ایس ٹی مسئلہ :سونیا گاندھی سے وینکیا نائیڈو کی ملاقات

پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں بل کی منظوری کیلئے حکومت کانگریس سے رجوع
نئی دہلی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جی ایس ٹی بل پر تعطل کا سامنا کرنے والی حکومت نے آج کانگریس سے رجوع ہوتے ہوئے اس بل کو منظور کرانے کیلئے حمایت کی خواہش کی۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن سے قبل بل کی منظوری کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کا آغاز کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ دوسری مرتبہ بڑے پیمانے پر کوشش کی جارہی ہے اور کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے رجوع ہوکر مسئلہ کو حل کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سلسلہ میں 27 نومبر کو صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی تھی۔ حکومت اور کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے درمیان دوسری مرتبہ ہونے والی ملاقات سے یہ اشارہ ملتا ہیکہ جی ایس ٹی جیسے اہم بل کی منظوری کیلئے حکومت بنیادی طور پر کام کررہی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ حکومت چاہتی ہیکہ یہ بل واضح طور پر منظور کرلیا جائے۔ اس نے کئی علاقائی پارٹیوں سے بھی حمایت کی خواہش کی تھی۔ بجٹ سیشن سے قبل بل کو منظور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فبروری کے تیسرے ہفتہ میں بجٹ سیشن طلب کیا جائے گا لیکن کانگریس اپنے موقف پر اٹل ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ان کی قیامگاہ پر 20 منٹ طویل ملاقات کے بعد وینکیا نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے اور وزیر پارلیمانی امور کی حیثیت سے اپنے طور پر حتی الامکان کوشش کی ہیکہ اس مسئلہ کو حل کرلیا جائے۔ ہم نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو بھی جی ایس ٹی اور دیگر موضوعات پر بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے۔ حکومت نے پہلے ہی راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما سے بات چیت کی ہے لیکن جی ایس ٹی بل کی منظوری کے راہ میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT