Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / جی ایس ٹی میں تبدیلی سے چھوٹے تاجروں کو راحت

جی ایس ٹی میں تبدیلی سے چھوٹے تاجروں کو راحت

تاجر طبقہ کو افسر شاہی اور سرخ فیتہ سے بچانے حکومت کے اقدام پر ملک بھر میں ستائش ، گجرات میں جلسہ عام سے مودی کا خطاب

دوارکا ۔ /7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے چھوٹے اور متوسط تاجرین کو راحت دینے کیلئے جی ایس ٹی میں بڑے پیمانے پر کی گئی تبدیلیوں کی آج ستائش کی اور کہا کہ ان کی حکومت نہیں چاہتی کہ ملک کی تاجر برادری سرخ فیتہ کی (پیچیدگیوں) میں پھنس جائے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس ( جی ایس ٹی) کے مختص میں ’’ چند انتہائی اہم فیصلے کئے گئے ہیں ، وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’ آج میں ملک بھر کے اخبارات دیکھا ہوں ۔ انہوں نے یہ سرخی لگائی کہ دیوالی 15 دن پہلے ہی آگئی ‘‘ ۔ مودی نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ تمام دیوالی کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے اور گجرات میں بالخصوص تاجروں میں دیوالی بڑی دھوم دھام سے منائی جاتی ہے‘‘ ۔ رواں سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست گجرات کے دو روزہ دورہ پر مودی آج صبح پہونچے ۔ اس موقع پر وہ متعدد پراجکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ حکومت پہلے کہہ چکی تھی کہ جی ایس ٹی پر عمل آوری کے بعد تین ماہ تک اس کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بعد ازاں مسائل کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’تین ماہ میں انتظامی شعبہ ٹکنالوجی کی قلت ، قواعد سے متعلق مسائل ، شرحوں سے متعلق شکایات ، تجارتی برادری کے عملی تجربات کے مشکلات جیسے جو بھی مسائل ہوں گے ہم انہیں حل کریں گے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نہیں چاہتے تھے کہ ملک کے تجارتی طبقہ سرخ فیتہ ، دفتری فائیلوں اور افسر شاہی میں پھنس جائے ۔ میں کبھی ایسا نہیں چاہوں گا ‘‘ ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو دستیاب معلومات کی بنیاد پر وزیر فینانس ارون جیٹلی نے گزشتہ روز منعقدہ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں سب کو مدعو کیا تھا ۔ مودی نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ ملک بھر میں بہ یک آواز اس کا خیرمقدم کیا گیا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت پربھروسہ ہوتا ہے اور فیصلوں میں دیانتداری دیکھی جاتی تو مشکلات اور دشواریوں کے باوجود ملک بہ یک آواز اور متحد ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میں اس حقیقت کو محسوس کررہا ہوں ۔ ٹیکس کو آسان سے آسان تر بنانے کیلئے ہماری مساعی کا عوام نے جس انداز میں خیرمقدم کیا ہے اس کے لئے میں ان کا شکر گزار ہوں ‘‘ ۔ حکومت نے جی ایس ٹی کے نفاذ کے تین ماہ بعد گزشتہ روز اس جدید ٹیکس نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے ذریعہ چھوٹے اور متوسط تاجرین کو غیرمعمولی راحت پہونچائی تھی ۔ کانگریس کو طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا ’’جب مادھو سنہہ سولنکی جی (گجرات کے )چیف منسٹر تھے پہلے صفحہ پر شائع شدہ ایک اشتہار یاد دلاتا ہوں جس میں کہا گیا تھا کہ ’’پانی کے ٹینک کے افتتاح کے لئے سی ایم جام نگر آرہے ہیں ‘‘ ۔ یہ ترقی کا کسی حد تک تنگ اور معمولی نظریہ تھا ۔ لیکن اس کے بعد ہم ایک طویل راستہ طئے کرتے ہوئے یہاں تک پہونچے ہیں اور مزید ہمہ گیر و جامع ترقی کے متمنی ہیں ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT