Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی کونسل کا آج اجلاس ایچ آئی سی سی میں مقرر ، ٹیکس میں تخفیف اور دیگر امور پر فیصلے

جی ایس ٹی کونسل کا آج اجلاس ایچ آئی سی سی میں مقرر ، ٹیکس میں تخفیف اور دیگر امور پر فیصلے

حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جی ایس ٹی کونسل کا اہم اجلاس 9 ستمبر کو حیدرآباد کے ایچ آئی سی سی میں منعقد ہوگا جس میں فلاحی اسکیمات پر ٹیکس میں کمی کے علاوہ دوسرے امور پر اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جی ایس ٹی اجلاس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی قیادت میں منعقد ہونے والے جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں تمام ریاستوں کے وزراء فینانس محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار شرکت کریں گے ۔ اترپردیش کے وزیر فینانس راجیش اگروال حیدرآباد پہونچ گئے ہیں ۔ انہوں نے فلاحی اسکیمات کے جی ایس ٹی کو گھٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت تعمیری پراجکٹس کے جی ایس ٹی میں 5 فیصد کٹوتی کرنے کا بہت پہلے سے مطالبہ کررہی ہے ۔ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں اس کو دوبارہ اٹھانے کی تیاری کررہی ہے ۔ فلاح و بہبود کے لیے تلنگانہ حکومت لاکھوں کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ گھروں میں نل سے پینے کا پانی سربراہ کرنے کے لیے مشین بھاگیرتا اسکیم پر عمل آوری کررہی ہے ۔ ایک کروڑ ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ چھوٹی آبپاشی کو ترقی دینے کے لیے مشن کاکتیہ اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے ۔ غریب عوام کو گھر فراہم کرنے کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات کے پراجکٹ پر عمل کیا جارہا ہے ۔ عوامی ضروریات کے لیے انجام دئیے جانے والے کاموں پر بھی مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی نافذ کردیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت جی ایس ٹی میں 5 فیصد کٹوتی کرنے کے معاملے میں اپنا سخت موقف پیش کررہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر دہلی پہونچکر اس معاملے میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کرچکے ہیں ۔ جس پر ارون جیٹلی نے بروز ہفتہ 9 ستمبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں اس پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے مرکز پر دباؤ بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT