Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی شکست کا محاسبہ کیا جائیگا

جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی شکست کا محاسبہ کیا جائیگا

کے سی آر کے وعدہ پر عوام نے بھروسہ کیا، بی دتاتریہ مرکزی وزیر کا بیان
حیدرآباد۔/7فبروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارودتاتریہ نے گریٹر حیدرآباد  میونسپل کارپوریشن انتخابات کے نتائج پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے انتخابی نتائج کے مسئلہ پر بی جے پی محاسبہ کرے گی۔ آج یہاں مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف فروغ انسانی وسائل میں اخباری نمائندو ںسے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر بنڈارودتاتریہ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے انتہائی غیر متوقع و بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے بالواسطہ طور پر انتخابی شیڈول کو قطعیت دینے سے قبل اور اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی بڑے پیمانے پر انتخابی مہم کا تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تقریباً چھ ماہ قبل سے ہی آغاز کردیا تھا اور ٹی آر ایس نے اپنی اس انتخابی مہم کے دوران حکومت کے ترقیاتی پروگرامس و اسکیمات کو اُجاگر کرتے ہوئے عوام کو اپنی طرف راغب کرنے کا آغاز کیا تھا اور ہر جگہ  بڑے بڑے ہورڈنگس، فلیکسیز کے علاوہ تمام اہم مقامات پر بڑے بڑے اشتہاری پوسٹرس لگاتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس کی بڑے پیمانے پر شاندار کامیابی حاصل کرکے جی ایچ ایم سی آفس پر ٹی آر ایس کا پرچم لہرانے کا دعویٰ کرنا شروع کیا تھا اور واضح طور پر ٹی آر ایس کا میئر منتخب ہونے کا وزراء، ارکان اسمبلی و ٹی آر ایس قائدین نے باقاعدہ طور پر اعلان کیا تھا۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو بظاہر بھاری اکثریت سے کارپوریٹرس کی کامیابی کی باتیں کررہے تھے لیکن انہیں خود واضح اکثریت حاصل ہونے کا ہرگز یقین نہیں تھا، جس کے پیش نظر ہی انتخابی نتائج کے بعد ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت میں اپنی ایک موثر حکمت عملی مرتب کی جس کی روشنی میں ٹی آر ایس نے تمام ارکان قانون ساز کونسل کو بہ اعتبار عہدہ رکن قانون ساز کونسل قراردیتے ہوئے باقاعدہ جی اوز بھی جاری کئے تاکہ احتیاطاً واضح اکثریت حاصل نہ کرنے پر بہ اعتبار عہدہ ارکان قانون ساز کونسل کی حیثیت سے میئر جی ایچ ایم سی انتخاب میں ووٹ کا استعمال کرسکیں۔ مرکزی وزیر لیبر نے مزید کہا کہ ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی فراہمی کا بھی عوام پر کافی مثبت اثر مرتب ہوا ہے اور عوام نے حکومت کے اس اعلان اور وعدہ کو پورا کرنے پر یقین کا اظہار کیا۔ مسٹر بنڈارودتاتریہ نے واضح طور پر کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کی ناکامی اور اس کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور مکمل محاسبہ بھی کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT