Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد کو بڑھانے کی کوشش

جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد کو بڑھانے کی کوشش

رائے دہندوں کو گھر بیٹھے تفصیلات حاصل کرنے کی سہولت، کمشنر بلدیہ جناردھن ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 16 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 74,23,980 رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ یہ بات کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد مسٹر جناردھن ر یڈی نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2 فبروری کو منعقد شدنی انتخابات میں 39,69,007 مرد اور 34,53,910 خواتین اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ اور صدفیصد رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے بلدیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔ شہر کے رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کے تعلق سے گھر بیٹھے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ بلدیہ نے اس ضمن میں خصوصی اپلیکیشن (ایپ) تیار کیا ہے جس کو ڈاون لوڈ کرتے ہوئے شہری پولنگ اسٹیشن، پولنگ بوتھ کے علاوہ اپنے ووٹ کی تمام تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ گوگل پلے اسٹور میں tsec voter slip نامی ایپ کو ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں اور اس اپلیکیشن کے ذریعہ اپنا ووٹر آئی ڈی  ٹائپ کرتے ہوئے اپنے ووٹ کے تعلق سے تمام تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں چونکہ اکثر شہری پولنگ اسٹیشن اور بوتھ کے تعلق سے آگہی نہ ہونے پر رائے دہی میں حصہ نہیں لیتے۔ ایسے شہریوں کیلئے یہ ایپ کافی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کی مدد سے اپنی ووٹرسلپ بھی ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے اور آج ایک دن میں تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار شہریوں نے اپنی ووٹر سلپ کو ڈاؤن لوڈ کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے ہر گھر تک ووٹر سلپ کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی اور ان شہریوں سے دستخط بھی حاصل کی جائے گی جنہیں ووٹر سلپ فراہم کی گئی۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ شہریوں میں رائے دہی کے تعلق سے آگہی کیلئے بلدیہ کے 1500 عملہ کی رنگ ٹون کو آگہی مہم کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور عملہ کی رنگ ٹون کو بدل دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ نے صد فیصد رائے دہی کیلئے ہر ممکنہ اقدام کو انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں شعبہ اربن کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے ذریعہ شہر میں پائے جانے والے سیلف ہیلپ گروپس جن میں 5 لاکھ خواتین پائی جاتی ہیں رائے دہی کیلئے شعور بیداری اور آگہی مہم میں انہیں شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش حیدرآباد میں بھی رائے دہی کیلئے جاری شعور بیداری مہم کے تحت خصوصی اسٹال قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کرتے ہوئے آج 42,344 پوسٹرس ، 32,942 بیانرس ، 37,800 فلیکسی ، 5,265 کٹ آوٹس کو نکال دیا گیا ہے۔ کمشنر بلدیہ نے شہریوں میں شعور بیداری اور بلدی انتخابات میں رائے دہی میں اضافہ کیلئے مختلف تنظیموں، رہائشی ویلفیر اسوسی ایشنوں و دیگر افراد سے 18 جنوری کے دن ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اجلاس میں بلدیہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT