Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے اقلیتوں کی اہم حصہ داری

جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے اقلیتوں کی اہم حصہ داری

وائی ایس آر قائد ساجد خان کی ٹی آر ایس میں شمولیت، ڈاکٹر کے کیشوراؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس کے استحکام کیلئے اقلیتوں کی حصہ داری اہمیت کی حامل ہے اور اقلیتوں کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے نہ صرف پارٹی مضبوط ہوگی بلکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس کارپوریشن پر قبضہ کے موقف میں رہے گی۔ ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے آج تلنگانہ بھون میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کی شمولیت کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد محمد ساجد نے آج اپنے حامیوں کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے مقابلہ کیا تھا۔ محمد ساجد کا شمار ڈاکٹر کیشو راؤ کے حامیوں میں ہوتا ہے اور کانگریس پارٹی میں وہ کیشو راؤ کے کافی قریبی مانے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر کے کیشوراؤ کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے محمد ساجد کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ ان قائدین نے کہا کہ پارٹی میں اس طرح کے متحرک قائدین کی شمولیت سے پارٹی کو استحکام حاصل ہوگا اور اقلیتوں کی پارٹی سے وابستگی خوش آئند علامت ہے۔ڈاکٹر کیشو راؤ نے محمد ساجد کو ایک حرکیاتی قائد قرار دیا اور کہا کہ شہر میں پارٹی کے استحکام میں وہ اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کا آغازکیا ہے اور اقلیتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اسکیمات کے بارے میں اپنی رائے سے حکومت کو واقف کرائیں۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکیمات کے فوائد اقلیتوں تک پہنچیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے کے سی آر حکومت کے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے پہلی مرتبہ بجٹ میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اور دیگر منفرد اسکیمات کے ذریعہ غریب اقلیتی خاندانوں کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرانے شہر کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے کئی ترقیاتی اسکیمات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے ٹی آر ایس میں محمد ساجد کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کے استحکام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اقلیتوں اور شہر کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT