Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات ‘ٹی آر ایس کو 100 حلقوں سے کامیابی کا یقین

جی ایچ ایم سی انتخابات ‘ٹی آر ایس کو 100 حلقوں سے کامیابی کا یقین

برسر اقتدار جماعت کو رائے دہندوں کی زبردست تائید۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا ادعا
حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے دعویٰ کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس کو 100سے زائد بلدی حلقوں میں کامیابی حاصل ہوگی۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے کہا کہ تمام 150 بلدی ڈیویژنوں میں ٹی آر ایس کو رائے دہندوں کی جانب سے زبردست تائید حاصل ہورہی ہے لہذا 100سے زائد نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کافی ہیں۔ عوام میں حکومت کی اسکیمات کا زبردست خیرمقدم کیا جارہا ہے اور لاکھوں غریب خاندان اسکیمات سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے حیدرآباد میں بھی ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے اور کوئی بھی غریب خاندان ڈبل بیڈ روم مکان سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام میں جوش و خروش دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف پروپگنڈہ مہم کا آغاز کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں آنے والے نہیں اور گریٹر انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کو بھاری ہزیمت اٹھانی پڑے گی۔ انہوں نے دیگر جماعتوں کے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی تائید کی اور اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ لالچ کے ذریعہ دیگر جماعتوں کے قائدین کو شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر دیگر جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں حصہ داری کیلئے دیگر جماعتوں کے قائدین کی شمولیت کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ شہر کے تمام بلدی حلقوں میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم عروج پر ہے اور پارٹی کو سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ ورنگل کی شاندار کامیابی کی طرح گریٹر انتخابات میں بھی پارٹی کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔

TOPPOPULARRECENT