Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات پر عوام کے فیصلہ کا احترام

جی ایچ ایم سی انتخابات پر عوام کے فیصلہ کا احترام

کانگریس کی شکست پر مستقبل کی حکمت عملی، خواجہ فخرالدین
حیدرآباد ۔ 6 فبروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اجلاس میں کانگریس کی شکست کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے کہا کہ ووٹر لسٹ اور بلدی حلقوں کی ازسرنو حدبندی سے رائے دہی تک حکمران ٹی آر ایس نے کئی بے قاعدگیاں کی ہیں، جس پر کانگریس کو ہائیکورٹ اور الیکشن سے رجوع ہونا پڑا۔ انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت نے دولت، طاقت اور سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا۔ باوجود اس کے کانگریس پارٹی اپنی شکست کو تسلیم کرتی اور عوامی فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ بہت جلد کانگریس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ سیاست میں کامیابی اور شکست لگی رہتی ہے۔ 130 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس پارٹی کیلئے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ کانگریس کو اقتدار سے زیادہ عوامی خدمات عزیز ہیں۔ اقتدار کانگریس کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتا۔ عوامی مسائل کو حل کرانے کیلئے کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ اب ٹی آر ایس پر ذمہ داری عائد ہیکہ وہ انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے جو وعدے کئے ہیں اس کو پورا کریں۔ کانگریس پارٹی بھلے ہی بلدیہ میں کم تعداد میں ہے مگر کانگریس کے دو ارکان ہی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کریں گے۔ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نتائج عارضی ہیں۔ 2019ء کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی۔ عوامی مسائل کو حکومت اور ایوانوں تک پہنچانے کیلئے کانگریس پارٹی کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ اپنی جدوجہد کے ذریعہ دوبارہ عوام کا دل جیت لے گی۔

TOPPOPULARRECENT