Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات کی سرگرمیاں

جی ایچ ایم سی انتخابات کی سرگرمیاں

ٹی آر ایس امیدواروں کی نامزدگی کیلئے کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کا انتخاب کرنے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر نے کمیٹی میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کسی وزیر یا قائد کو شامل نہیں کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے۔ ارکان کی حیثیت سے حکومت کے مشیر ڈی سرینواس ، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ، ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور اے اندرا کرن ریڈی کو شامل کیا گیا ہے ۔ امیدواروں کے انتخاب میں  غیر جانبداری کو یقینی بنانے شہر سے تعلق رکھنے والے کسی بھی قائد کو کمیٹی کا رکن نامزد نہیں کیا گیا ۔ یہ کمیٹی پارٹی کے داخلی سروے اور مذاکرات کے ذریعہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے گی۔ اس مرحلہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، اہم قائدین اور پارٹی کے مبصرین سے مشاورت کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ پارٹی کے سروے کی بنیاد پر امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں اور یہ عمل مکمل شفافیت کے ساتھ پورا کیا جائے۔ اسی دوران پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ہر بلدی ڈویژن میں کامیابی کی اہلیت رکھنے والے امیدوار کا پتہ چلانے کیلئے دو مختلف سروے کئے گئے جس کی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کی گئی ہے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمیٹی کو کسی بھی نام کی سفارش کرنے سے گریز کریں کیونکہ سروے کی بنیاد پر امیدواروں کے نام طئے کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناموں کو قطعیت دینے کے مرحلہ میں وزراء کی رائے لی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر نے قریبی رفقاء کے ساتھ امیدواروں کی فہرست کو تقریباً قطعیت دیدی ہے۔

TOPPOPULARRECENT