Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے 4 پارٹیوں کا اتحاد

جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے 4 پارٹیوں کا اتحاد

’’کلین پالیٹکس، کلین حیدرآباد‘‘ نعرہ کے ساتھ بایاں بازو سرگرم
حیدرآباد /12 جنوری (سیاست نیوز) بہار میں سکولر اتحاد کی کامیابی کو پیش نظر رکھتے ہوئے چار سیاسی جماعتوں سی پی آئی، سی پی ایم، ایم سی پی آئی اور عام آدمی پارٹی نے عظیم اتحاد تشکیل دے کر ’’کلین پالیٹکس۔ کلین حیدرآباد‘‘ کے نعرہ کے ساتھ جی ایچ ایم سی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ چاروں جماعتوں کے اہم قائدین  کا 13 جنوری کو ایک اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بلدی حلقہ جات میں مقابلہ کرنے کے علاوہ مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ کمیونسٹ جماعتوں نے لوک ستہ اور عام آدمی پارٹی سے اتحاد کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی انتخابات میں مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان جماعتوں کے شہری قائدین نے متعدد مذاکرات کے بعد 60 سے زائد نشستوں پر مقابلہ سے اتفاق کیا، جب کہ ان جماعتوں کا کیڈر مزید حلقوں میں مقابلہ کے لئے اپنے اپنے قائدین پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم سی پی آئی ایک،  سی پی آئی 12، لوک ستہ 21 اور سی پی ایم نے 25 نشستوں پر مقابلہ کرنے کے لئے اپنی اپنی فہرست تیار کرلی ہے۔ عام آدمی پارٹی اتحاد میں شامل ہونے کے باوجود اب تک مقابلہ کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔ ابھی اس کے قائدین مشاورت اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ناموں پر غور کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی نے اگر اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا، پھر بھی وہ اتحاد میں شامل رہے گی اور اتحادی جماعتوں کی انتخابی مہم میں حصہ لے کر ان کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ کل کے اجلاس میں تلنگانہ سی پی آئی کے سکریٹری چاڈا وینکٹ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم اور لوک ستہ کے صدر جے پرکاش نارائن 150 کے منجملہ کتنے بلدی حلقوں میں مقابلہ کیا جائے کے علاوہ مشترکہ انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT