Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی ملازمین کے فون پر خصوصی ’’رنگ ٹون‘‘

جی ایچ ایم سی ملازمین کے فون پر خصوصی ’’رنگ ٹون‘‘

صفائی پر عوام میں شعور بیداری کی مساعی، بی جناردھن ریڈی کمشنر بلدیہ کا اعلان
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) عوام میں صفائی کے متعلق شعور اُجاگر کرنے کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک رنگ ٹون تیار کی گئی ہے جوکہ جی ایچ ایم سی ملازمین کے فون پر رہے گی۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ صفائی بالخصوص کچرے کو تلف کرنے کے متعلق عوام میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے اسی لئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کو پاک و صاف بنانے اور سرسبز و شاداب ماحول کے لئے عوام میں شعور اُجاگر کرنے کی راہیں نکالی جائیں۔ اِسی لئے رنگ ٹون کی تیاری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس کے ذریعہ شہریوں کو شہر کو خوبصورت بنانے کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ فی الحال 1600 بلدی عہدیدار جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ فون استعمال کررہے ہیں اور روزانہ ایک عہدیدار کو کم از کم 50 فون موصول ہوتے ہیں اس طرح سے یومیہ ایک لاکھ 40 ہزار فون کالس بلدی عہدیدار وصول کرتے ہیں۔ اس طرح ایک لاکھ 40 ہزار افراد تک بلدیہ کا پیغام پہنچانے میں آسانی پیدا ہوگی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دو علیحدہ کوڑے دان ہر گھر کو فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ کچرے کو علیحدہ طور پر پھینکا جاسکے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اس اسکیم کا مقصد درحقیقت خشک اور گیلا کچرا علیحدہ کرنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے رنگ ٹون اور سیل فون کے علاوہ دیگر ذرائع کا استعمال بھی کیا جائے گا اور شہر میں موجود کالونیز و محلہ جات کی تنظیموں کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں حکومت کے منصوبہ سے واقف کروایا جائے گا۔ شہر میں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ شہری خود اس عمل کا حصہ بنیں اُسی وقت حکومت اور جی ایچ ایم سی کا یہ منصوبہ کامیاب ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT