Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی کے کارپوریٹرس کو رویہ میں تبدیلی لانے کا مشورہ

جی ایچ ایم سی کے کارپوریٹرس کو رویہ میں تبدیلی لانے کا مشورہ

لاپرواہی پر سخت کارروائی کا انتباہ، وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی کے ٹی آر ایس کارپوریٹرس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے رویے میں تبدیلی لانے کا مشورہ دیا بصورت دیگر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج بیگم پیٹ کیمپ آفس پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی نمائندگی کرنے والے حکمراں ٹی آر ایس کارپوریٹرس کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام نے ٹی آر ایس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور 150 کے منجملہ 99 بلدی ڈیویژنس پر ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس کو کامیاب بنایا ہے لیکن بیشتر کارپوریٹرس کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے۔ انہیں عوام اور بلدی عہدیداروں کی جانب سے کارپوریٹرس کے بیجا رویے اور مقامی مسائل سے لاتعلقی کے علاوہ دوسرے بے قاعدگیوں کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ چند کارپوریٹرس ان کے علم میں لائے بغیر بلدی ڈیویژنس کا دورہ کرنے والے عہدیداروں پر بھی برہمی کا اظہار کرنے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کارپوریرٹس کا نام لئے بغیر کہا کہ کیا بلدی ڈیویژنس تمہاری جاگیر ہے۔ اگر کارپوریٹرس اپنے رویے اور انداز کارکردگی میں تبدیلی نہیں لائے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ضرورت پڑنے پر انہیں معطل بھی کیا جائے گا۔ کارپوریٹرس کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ تمام کارپوریٹرس عہدیداروں سے تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے اور انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کام کریں۔ ریاستی وزیر بلدی نظم کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کے عوام کارپوریٹرس سے زیادہ کوئی توقعات وابستہ کئے ہوئے نہیں ہے انہیں صرف بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور مسائل کی یکسوئی دو ہی کافی ہے۔ ان سے بھی کارپوریٹرس کا پہلوتہی کرنا غیرمناسب ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت کی جانب سے شہر کو ترقی دینے کیلئے تیار کردہ ویژن اور کئے جانے تعمیری و ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹرس بھی تعمیری و ترقیاتی کاموں کا حصہ بن جائے۔ عوام کے درمیان پہنچتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے تمام کارپوریٹرس کو تربیت بھی فراہم کی ہے۔ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے تمام کارپوریٹرس سے اپنے اپنے بلدی ڈیویژنس کے مسائل کو بطور مکتوب حاصل کیا اور انہیں حل کرنے کا تیقن دیا۔

 

TOPPOPULARRECENT