Wednesday , September 19 2018
Home / سیاسیات / جے ڈی ایس کے باغی رکن اسمبلی بالا کرشنا بات چیت کیلئے تیار

جے ڈی ایس کے باغی رکن اسمبلی بالا کرشنا بات چیت کیلئے تیار

بنگالورو۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)جنتادل ایس کے معطل 7ارکان اسمبلی میں سے ایک ایچ سی بالاکرشنا نے پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور ان کے فرزند سابق وزیراعظم ایچ ڈی کمارا سوامی کے علاوہ پارٹی لیڈروں سے کرناٹک اسمبلی سے راجیہ سبھا کے 23مارچ کو ہونے والے ضمنی انتخاب سے پہلے وہپ کے مسئلہ پر بات چیت کی پیشکش کی ہے ۔بالاکرشنا نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ” ایک طرف وہ ہمیں پارٹی سے معطل کرتے ہیں اور دوسری طرف 23مارچ کو ہونے والے انتخابات میں جے ڈی ایس کے امیدوار کو ووٹ دینے کے لئے وہپ جاری کرتے ہیں۔ میں الجھن کا شکار ہوں ۔ اور اگر مجھے بات چیت کے لئے مدعو کیا گیا تو میں ان کے موقف پر وضاحت حاصل کرنے تیار ہوں۔” بالاکرشنا جے ڈی ایس کے ان 7ارکان اسمبلی میں سے ایک ہیں جن کے خلاف جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی بی بی ننگیا کی جانب سے داخل کردہ نااہلی کی عرضی پر اسپیکر اسمبلی کے بی کاولی واڈ نے اپنے احکام محفوظ رکھے ہیں۔ اسی دوران ہائی کورٹ کی واحد بنچ جس نے نااہلی پرجے ڈی ایس کی عرضی کی سماعت کی ‘ کاولی واڈ سے اپیل کی کہ وہ دوپہر سے پہلے اپنے فیصلہ کا اعلان کریں۔

TOPPOPULARRECENT