Sunday , November 19 2017
Home / سیاسیات / جے ڈی یو کا یو پی میں کوئی وجود نہیں : بی جے پی

جے ڈی یو کا یو پی میں کوئی وجود نہیں : بی جے پی

پٹنہ 12 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ جے ڈی یو کا اتر پردیش میں کوئی وجود نہیں ہے سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے آج چیف منسٹر بہار پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس کی ایما پر بی جے پی کو یو پی میں نقصان پہونچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ہفتہ وار جنتا دربار میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کانگریس کی ایما پر کام کر رہے ہیں اور بار بار اتر پردیش کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ وہاں کرمی ووٹ تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو عموما بی جے پی کو حاصل ہوتے ہیں۔ مودی کے بموجب تاہم نتیش کمار اپنی کوششوںم یں کامیاب نہیں ہونگے کیونکہ اتر پردیش میں ان کا کوئی اثر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے لئے نتیش کمار کا منصوبہ آشکار ہوگیا ہے کیونکہ انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور ہی کانگریس اور نتیش کمار دونوں کے مشیر ہیں۔ سشیل کمار مودی نے الزام عائد کیا کہ نتیش کمار یو پی میں ووٹ کٹوا بن کر رہ جائیں گے ۔ یہ ریمارک بی جے پی صدر نے بھی نتیش کمار کے خلاف کیا تھا ۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی جانب سے بہار کی خطوط پر یو پی میں مہا گٹھ بندھن کی تجویز سے متعلق استفسار پر مودی نے کہا کہ سب سے پہلے نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ انہیں یو پی میں انتخابات میں علیحدہ مقابلہ کرنا چاہئے یا متحدہ کرنا چاہئے ۔ اس کے بعد انہیں بی جے پی سے مقابلہ کا سوچنا چاہئے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ نتیش اور لالو کی جماعتیں علاقائی ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ہی قائدین کا یو پی میں وہی حال ہوگا جو ملائم سنگھ یادو کا بہار اسمبلی انتخابات میں ہوا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT