Wednesday , September 26 2018
Home / ہندوستان / حافظ سعید آزاد شہری ‘ گھومنے پھرنے پر پابندی نہیں : پاکستان

حافظ سعید آزاد شہری ‘ گھومنے پھرنے پر پابندی نہیں : پاکستان

نئی دہلی 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج یہ واضح کردیا کہ جماعت الدعوۃکے سربراہ حافظ سعید کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے اور وہ ملک بھر میں جہاں چاہیں گھوم سکتے ہیں۔ حافظ سعید ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کا کلیدی ملزم ہے ۔پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہندوستان عبدالباسط نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید ایک پاکستانی شہری ہے اور وہ جہاں چاہے گھوم سکتے ہیں۔ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ وہ ایک آزاد شہری ہے اور جہاں تک پاکستان کا سوال ہے اس کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ حافظ سعید کیوں لائین آف کنٹرول کے بہت قریب پاکستانی فوج کے ساتھ مصروف ہے ۔ عبدالباسط نے کہا کہ عدالتوں نے پہلے ہی انہیں بری کردیا ہے ۔ ان کے خلاف کوئی مقدمہ زیر التوا نہیں ہے ۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ حافظ سعید 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کا کلیدی ملزم ہے ۔ وہ اس کی سازش میںشریک رہا ہے اور اس نے اس حملہ پر عمل آوری میں بھی اہم رول ادا کیا تھا ۔ اس حملہ میں 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہندوستان نے اس مقدمہ کے پاکستان میں موجود ملزمین کے خلاف مقدمات کی پیشرفت میں تاخیر پر کئی مرتبہ اپنا احتجاج درج کروایا ہے ۔ حافظ سعید کو امریکہ دہشت گرد قرار دے چکا ہے ۔ جماعت الدعوۃ کی ایک ونگ فلاح انسانیت فاونڈیشن کی ایل او سی پر پاکستانی فوج کے ساتھ کاموں میں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ لائین آف کنٹرول کے دونوں جانب تباہ کن سیلاب آیا ہے کئی لوگ ہلاک ہوگئے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان میں کئی فلاحی تنظیمیں متاثرین کی مدد کیلئے اپنی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT