Thursday , April 26 2018
Home / ہندوستان / حافظ سعید دہشت گردی کے ایجنڈے پر عمل پیرا

حافظ سعید دہشت گردی کے ایجنڈے پر عمل پیرا

کشمیر پر صدر جماعت الدعوۃ کے تبصرے کیخلاف وزارت داخلہ ہند کا شدید ردعمل
نئی دہلی۔24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی حملوں کے اصل سازشی ذہن حافظ سعید کے کشمیر پر کیے گئے تبصرے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزارت داخلہ ہند نے کہا کہ ان کا یہ تبصرہ دہشت گردی کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے ہی سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں کو ہوا دی ہے۔ وزارت داخلہ ہند نے آج کہا کہ جماعت الدعوۃ کے بانی کو آج لاہور میں ان کی نظربندی سے رہا کردیا گیا ہے۔ جماعت الدعوۃ ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے زور دے کر کہا کہ جموں کشمیر کا علاقہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔ اس تعلق سے دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل بیانات دیئے جارہے ہیں جو قابل قبول نہیں ہیں۔ ان دہشت گردوں کو بنیادی طور پر موثر جواب دیا جائے گا۔ ہر وقت انہیں سبق سکھایا جاتا رہا ہے اور ہماری لا انفورسمنٹ ایجنسیاں ان لوگوں کے خلاف سرگرم ہیں۔ ریاست کے عوام ہی پاکستانی دہشت گردوں کو مسترد کرتے ہیں۔ آج اپنی رہائی کے بعد حافظ سعید نے کہا کہ وہ پاکستان بھر میں عوام کو جمع کرکے کشمیر کے کاز کے لیے آواز اٹھائیں گے اور کشمیروں کی مدد کرتے ہوئے ان کو آزادی کی منزل پر لے جائیں گے۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر وزارت داخلہ کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ حکومت ہند کا جموں کشمیر کے مسئلہ پر اصولی اور مضبوط موقف ہے۔ یہ علاقہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ حافظ سعید کے حالیہ بیانات سوائے دہشت گردی کو فروغ دینے کے کچھ نہیں ہے۔ وہ پاکستان بھر میں دہشت گردی کو بڑھاوا دیتے ہوئے سرحد پار سے دہشت گردوں کو ڈھکیل رہے ہیں۔ اس طرح کے بیانات ماضی میں بھی بارہا دہرائے جاچکے ہیں۔ ہر وقت انہیں منہ توڑ جواب دیا جاچکا ہے۔ ہمارے عوام اور لاانفورسمنٹ ایجنسیوں نے بنیادی طور پر ان لوگوں کو سبق سکھایا ہے۔ جماعت الدعوۃ کے سربراہ کے سرپر دہشت گرد سرگرمیوں میں ان کے رول کے عوض 10 ملین امریکی ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے۔ آج انہیں رہا کردیا گیا اور ان کے خلاف کوئی کیس نہ ہونے کا اعلان کیا گیا۔ وہ جنوری سے نظربند تھے۔ حافظ سعید نے اپنی رہائی کے بعد کہا کہ مجھے کشمیر کے لیے آواز اٹھانے سے روکنے اور میری آواز کو دبادینے کے لیے 10 ماہ تک بند رکھا گیا۔

ممبئی میں تین منزلہ عمارت منہدم، ایک کی موت
ممبئی، 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے پاس بھونڈی میں تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ گر جانے سے ایک شخص کی موت جبکہ دیگر چھ زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صبح تقریباً نو بجے بھونڈی میں نئی بستی میں ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ محکمہ فائر برگیڈ اور کارپوریشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔ راحت اور بچاؤ کا کام شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی آفات منجمنٹ دستے کی دو ٹیموں کو بھی راحت اور بچاؤ کام میں لگایا گیا ہے ۔ ملبے سے ایک لاش اور چھ دیگر لوگوں کونکال لیا گیا ہے ۔
ملبے میں 20 مزید افراد کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT