Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کے عہدہ میں توسیع

حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کے عہدہ میں توسیع

نمایاں خدمات پر محکمہ اقلیتی بہبود کا اقدام ، سکریٹری محکمہ کے احکامات
حیدرآباد ۔ 8 ۔  فروری  (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے حافظ و قاری محمد رضوان قریشی کو خطیب و امام مکہ مسجد کے عہدہ پر تین سال کی توسیع دی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 16 جاری کیا۔ جی او کے مطابق ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کی رپورٹ منسلک کرتے ہوئے حافظ و قاری محمد رضوان قریشی کی میعاد میں تین سالہ توسیع کی سفارش کی تھی۔ رپورٹ میں گزشتہ تین برسوں سے حافظ رضوان قریشی کی نمایاں خدمات کا تذکرہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے خطیب و امام مکہ مسجد کی حیثیت سے 20 اگست 2015 تا 19 اگست 2018 ء تک میعاد میں توسیع کے احکامات جاری کئے۔ انہیں ماہانہ 11500 روپئے اعزازیہ دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ حضرت مولانا عبداللہ قریشی ازہری کی علالت کے بعد سے حافظ و قاری رضوان قریشی نومبر 2012 ء سے بحیثیت خطیب فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وہ امام کے علاوہ خطیب کی حیثیت سے کافی مقبول ہوئے۔ اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود نے میعاد میں تین سال کی توسیع کے احکامات جاری کئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ایک اور جی او جاری کرتے ہوئے مکہ مسجد کے موذن شیخ محمد علی کی میعاد میں تین سال کی توسیع کی ہے۔ وہ ماہانہ اعزازیہ 10900 پر 25 ستمبر 2018 ء تک امام کی حیثیت سے برقرار رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT