Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / حجاب کی پابند اینی کو سال کی بہترین کوچ کا ایوارڈ

حجاب کی پابند اینی کو سال کی بہترین کوچ کا ایوارڈ

لندن ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد برطانوی اینی زیدی برطانیہ کی پہلی جنوبی ایشیائی خاتون فٹ بال کوچ ہیں، جنھوں نے اسپورٹس ویمن آف دی ائیر 2015کا ایک اعلیٰ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔31 سالہ اینی زیدی جو حجاب پہنتی ہیں، برطانیہ میں مڈلینڈز کی پہلی تربیت یافتہ مسلمان کوچ ہیں، جنھوں نے فٹ بال اسوسی ایشن سے کوچنگ کا سرٹیفیکٹ بیج ٹو حاصل کیا ہے۔اینی زیدی نے حال ہی میں برطانوی میڈیا کی طرف سے اسپورٹس ویمن آف دی ائیر کے لیے ٹیلی وژن کی پہلی اسپورٹس صحافی کے نام سے منسوب ہیلن رولاسن ایوارڈ جیتا۔ وہ فٹ بال کوچنگ کا لائسنس یو ای ایف اے بی مکمل کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں

،جس کے ساتھ انھوں نے پروفیشنل کلب کے پیشہ ور کھلاڑیوں کی کوچ بننے کی جانب ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب وہ سنڈے لیگ ٹیم کے چار سو مرد منیجرز کے درمیان واحد خاتون منیجر تھیں تو انھیں منیجرز اور کھلاڑیوں کے صنفی اور نسلی تبصروں کو برداشت کرنا پڑا، جو ان سے ہاتھ ملانا تک پسند نہیں کرتے تھے۔ہر طرح کی بدسلوکی کے باوجود انھوں نے اپنے خوابوں کو ادھورا نہیں چھوڑا اور فٹ بال کوچ بننے کے خواب کو پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک برطانوی مسلم خاندان کی لڑکی کا فٹ بال کھیلنا آسان نہیں تھا اسی لئے مجھے اسکول کی فٹ بال ٹیم کے ساتھ کھیلنے کی اجازت بھی نہیں ملی۔ لوگ مجھے کہتے تھے کہ میرے خواب کبھی پورے نہیں ہو سکتے ہیں۔اینی زیدی اپنے مستقبل کے بارے میں کہتی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے برطانیہ کے سب سے کامیاب پروفیشنل فٹ بال کلب آرسنل میں مردوں کی ٹیم کے لئے کوچ بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں اور اگر یہ موقع انھیں مل جاتا ہے تو یہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ثابت ہو گی۔

TOPPOPULARRECENT