Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کو صرف 5 لیٹر زم زم کی سربراہی

حجاج کرام کو صرف 5 لیٹر زم زم کی سربراہی

سعودی حکومت کا فیصلہ ، مرکزی حج کمیٹی کا کوئی عمل دخل نہیں

سعودی حکومت کا فیصلہ ، مرکزی حج کمیٹی کا کوئی عمل دخل نہیں
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2014 ء کے حجاج اکرام کو حج کمیٹی جانب سے صرف 5 لیٹر زم زم سربراہ کیا جائے گا۔ سعودی حکومت کی جانب سے موصولہ ہدایت کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے فی کس صرف پانچ لیٹر زم زم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق میں فی عازم حج 10 لیٹر زم زم فراہم کیا جاتا تھا ۔ جناب عطاء الرحمن چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا نے اس بات کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ سعودی حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اس فیصلہ میں مرکزی حج کمیٹی کا کوئی دخل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے مدینہ منورہ میں عازمین حج کو طعام کی سہولت فراہم کرنے کا جو فیصلہ کیا گیاہے اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور مدینہ منورہ میں 8 دن کے قیام کے دوران دو وقت طعام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ناشتہ بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس خصوص میں حج کمیٹی نے سعودی حکومت کی جانب سے مصدقہ کیٹرنگ خدمات کے حصول کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے اسے قطعیت دیدی ہے۔ جناب عطاء الرحمن کے بموجب حیدرآباد رباط میں قیام کا مسئلہ بالکلیہ طور پر مسترد کیا جاچکا ہے اور رباط میں قیام کیلئے منتخب قرار دیئے گئے عازمین حج کو بھی مکمل رقومات ادا کرنی پڑے گی چونکہ نظام رباط کے متعلق جاری تنازعہ تاحال ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کو اس معاملہ میں مداخلت کا حق نہیں ہے اور اس مسئلہ کو حل کرنا حج کمیٹی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اسی لئے سال 2014 ء کے عازمین حج کو رباط کی سہولت حاصل نہیں رہے گی ۔ جناب عطاء الرحمن کے بموجب اس سال حج کیلئے تمام تر انتظامات بحسن و خوبی جاری ہے اور امکان ہے کہ قبل از وقت تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے ۔ چیف اگزیکیٹیو سنٹرل حج کمیٹی کے بموجب صرف اس سال پانچ لیٹر زم زم فراہم نہیں کیا جائے گا بلکہ آئندہ بھی ہندوستانی عازمین حج صرف پانچ لیٹر زم زم فی کس سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے سامان کے وزن کے معاملہ میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ہے بلکہ عازمین حج 22.5 کیلو گرام کے دو بیاگیج کے علاوہ 10 کیلو وزنی ہینڈ بیاگیج ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین سفری تیاریوں ، ہوائی جہاز کے کرایے کے علاوہ دیگر امور کو تیزی کے ساتھ قطعیت دی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT