Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی عزت و توقیر کی تلقین

حجاج کرام کی عزت و توقیر کی تلقین

خدام الحجاج میں اسناد کی تقسیم، رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) محترمہ پدماوتی ریڈی رکن اسمبلی نے کہاکہ جو مسلمان اللہ کی فرض کردہ عبادت کی ادائیگی کے لئے ہر سال مکۃ المکرمہ جاتے ہیں اُن کی عزت و توقیر کرنے کا درس مجھے میرے والدین نے بچپن ہی سے دیا ہے اس لئے کہ میرے والدین ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا جانتے تھے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے سنا بھی اور پڑھا بھی کہ حجاج اللہ کے مہمان ہوا کرتے ہیں اور ان کی دعاؤں میں بڑا اثر ہے۔ آج وہ پرکاشم ہال گاندھی بھون میں قومی سالمیت کمیٹی کے زیراہتمام حج 2017 ء میں عازمین حج کی حج کیمپ میں جنھوں نے خدمت کی اُن میں ایوارڈس اور اسناد کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ قاری مصطفیٰ سیف الدین کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ یہ ایوارڈس رکن اسمبلی محترمہ پدماوتی، میر محتشم علی خان، جناب ونود کمار، جناب پریم لعل، جناب ایس فہیم احمد کے ہاتھوں حج کیمپ 2017 ء جہاں سے عازمین حج کی مکمل سہولیات اور تعاون سعودی ایرلائنز، کسٹمز، پولیس، مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹی آف تلنگانہ اور دیگر سے متعلق اُنھیں ایوارڈس دیئے گئے۔ جناب ایس کے افضل الدین صدر قومی سالمیت کمیٹی نے خیرمقدم کیا۔ جناب پریم لعل نے کہاکہ اسلام کا حیات آفرین پیغام اپنی عبادات کے ذریعہ بھی یکجہتی اور قومی سالمیت کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اسلام کو بدنام کرنے اور دبانے کی سازش عرصہ دراز سے فسطائی طاقتیں کررہی ہیں لیکن اس کو کسی بھی قیمت میں دبایا نہیں جاسکتا۔ انھوں نے کہاکہ جنگ آزادی میں مسلمانوں نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں اُس کو یاد رکھا جائے۔ جناب اعجاز الزماں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ عازمین کے لئے بہتر انتظامات کریں۔ مفتی محبوب شریف نظامی نے کہاکہ اسلامی تعلیمات میں خدمت خلق کو اہمیت دی ہے۔ حج جو اسلام کا ایک اہم رکن ہے اس دوران حاجی جو دعائیں کرتا ہے اُس کو اللہ تعالیٰ قبول کرتا ہے اور اپنے مہمان کی مدد اور تعاون کرنے والوں کو بھی وہ بے حساب نعمتوں و نیکیوں سے نوازتا ہے۔ میر محتشم علی خان نے کہاکہ اسلام نے معاف کرنے والوں کو پسند فرمایا لیکن بعض شرپسند عناصر اس بات پر آج زور دے رہے ہیں کہ اسلام تلوار کے زور سے پھیلا ہے۔ جناب ایس فہیم احمد نے کہاکہ عازمین کی روانگی اور اُن کی واپسی تک جتنے بھی افراد کی خدمت کیا کرتے ہیں اللہ اُنھیں ضرور اجر سے نوازے گا۔ محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم ، محترمہ عقیلہ خاموشی اور دیگر نے مخاطب کیا۔ محترمہ پدماوتی رکن اسمبلی کے ہاتھوں حج 2017 ء کے عازمین کی روانگی کے لئے جنھوں نے تعاون کیا اُن تمام کو میڈلس اور اسناد دیئے گئے۔ جناب قادر شریف نے مزاحیہ خاکے پیش کئے۔ طلباء و طالبات اور مرد و خواتین اور حجاج کرام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT