Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کے دوسرے قافلہ کی بھی آمد

حجاج کرام کے دوسرے قافلہ کی بھی آمد

پروفیسر ایس اے شکور اور محمد سلیم نے حجاج کا خیر مقدم کیا
حیدرآباد۔21 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے حجاج کرام کا دوسرا قافلہ آج شام مدینہ منورہ سے سعودی ایرلائنس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کا استقبال کیا۔ محمد سلیم نے بعض حجاج کرام کی گلپوشی بھی کی اور ان سے دعائیں لی۔ حجاج کرام کے بیاگیج کی منتقلی میں بھی محمد سلیم نے مدد کی جس سے حجاج کرام کافی متاثر ہوئے۔ انہوں نے انتظامات کے بارے میں استفسار کیا جس پر حجاج کرام نے دونوں مقامات پر بہتر انتظامات کی ستائش کی۔ اس موقع پر ہر حاجی کو 5 لیٹر زم زم حوالے کیا گیا۔ ایرنڈیا کی یہ پرواز جو 6:30 بجے پہنچنے والی تھی 20 منٹ تاخیر سے پہنچی۔ ایک حاجی صاحب کے بھائی کا انتقال ہوگیا اور انہیں عشاء میں تدفین میں شرکت کرنا تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے سکیوریٹی حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے لگیج کو محفوظ کرادیا اور انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔ لگیج کے کلیئرنس تک کافی وقت لگ سکتا تھا۔ لہٰذا انہیں لگیج کے بغیر ہی جانے کی اجازت دے دی گئی اور وہ بعد میں کسی بھی وقت سکیوریٹی حکام سے اپنا لگیج حاصل کرلیں گے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات کیے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے حج انتظامات کے سلسلہ میں خصوصی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بھی حج کمیٹی اور وقف بورڈ باہم تال میل کے ذریعہ بہتر انتظامات کریں گے۔ انہوں نے حجاج کرام کو مبارکباد پیش کی اور ریاست اور چیف منسٹر کے لیے دعا کی اپیل کی۔ آج دو قافلوں کے ذریعہ 898 حجاج کرام حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ کل صبح 9:50 بجے تیسرا قافلہ حیدرآباد پہنچے گا۔ آج صبح کے پہلے قافلے میں تین بیاگیجس حیدرآباد نہیں پہنچ سکے تھے جو شام کی فلائٹ سے حیدرآباد منتقل کیے گئے۔

TOPPOPULARRECENT