Tuesday , November 20 2018
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کے نویں قافلے کی حیدرآبادواپسی

حجاج کرام کے نویں قافلے کی حیدرآبادواپسی

حج ٹرمنل پر حج کمیٹی اور رشتہ داروں کی جانب سے پر تپاک استقبال

حیدرآباد15 ستمبر ( پریس نوٹ ) راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل پرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے صدر نشین جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور‘ رکن حج کمیٹی جناب ابو طلحہٰ امجد اسسٹنٹ سکریٹری جناب عرفان شریف کے علاوہ خطیب مکہ مسجد مولانا حافظ رضوان قریشی نے حجاج کرام کے نویں قافلہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان فریضہ حج کی تکمیل پر مبارک باد پیش کی۔ اس طرح اب تک نو فلائیٹس کے ذریعہ جملہ 2677 حجاج کرام حیدرآباد واپس ہوئے۔ حج ٹرمنل پر ہی حجاج کرام کو زم زم کی فی کس پانچ لیٹرس کی بوتلیں پیش کی گئیں۔ آج کی فلائیٹ نے مقررہ وقت سے 15منٹ قبل لینڈنگ کی۔ حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں حج ٹرمنل پر موثر اور اطمینان بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹرمنل میں حجاج کے سامان کی منتقلی اور حوالگی کے بندوبست سے حجاج کرام کو کافی سہولت ہورہی ہے۔ کسٹمس کلیرنس اور امیگریشن کے دوران حجاج کو سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ طیاروں کی آمد کے موقعہ پر ٹرمنل میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو متعین کیاجارہا ہے ‘ جو حسب ضرورت حجاج کرام کا معائنہ کررہے ہیں۔ وزیٹرز کی کثیر تعداد اپنے حاجیوں کے استقبال کے لئے ایر پورٹ پر ٹرمنل کے باہر موجود تھی۔ اتوار 16 ستمبر کودسواں قافلہ سعودی عربین ایر لائنز کی فلائیٹ کے ذریعہ دوپہر 12:45 بجے حیدرآباد پہنچے گا۔ اب مکہ مکرمہ میں صرف دو قافلوں کے حجاج کرام باقی رہ گئے ہیں جو کل صبح بعد نماز فجر مدینہ منورہ روانہ ہو جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT