Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کے چوتھے قافلہ کی آمد، حج ٹرمنل پر موثر انتظامات

حجاج کرام کے چوتھے قافلہ کی آمد، حج ٹرمنل پر موثر انتظامات

حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کا چوتھا قافلہ آج رات مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچا۔ 350 حجاج پر مشتمل اس قافلہ کی آمد کے بعد ابھی تک 1350 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے روانگی اور واپسی کے

حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کا چوتھا قافلہ آج رات مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچا۔ 350 حجاج پر مشتمل اس قافلہ کی آمد کے بعد ابھی تک 1350 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے روانگی اور واپسی کے موقع پر حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور بتایا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران انڈین حج مشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً رہنمائی کی گئی۔ تمام حجاج کا سامان بھی حیدرآباد پہنچ گیا اور مختلف محکمہ جات نے حجاج کے جلد کلیرنس کے انتظامات کئے۔ عام طور پر سابق میں کئی حجاج کا بیاگیج ان کی فلائیٹ سے نہیں پہنچ سکا تھا تاہم اس مرتبہ چاروں قافلوں کے حجاج کا سامان ان کے ساتھ پہنچ گیا۔ کسٹمس، ایمیگریشن، سعودی ایر لائنس اور جی ایم آر کے حکام کے علاوہ والینٹرس نے حجاج کرام سے تعاون کیا۔

اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کے مکمل کلیرنس تک تمام اُمور کی نگرانی کی اور حج کمیٹی کے ملازمین کے ذریعہ حجاج کی رہنمائی کی۔ خصوصی حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں حجاج کے رشتہ دار اور دوست احباب استقبال کیلئے حج ٹرمنل کے باہر موجود تھے۔ قافلہ کی آمد کے موقع پر حجاج کرام اور ان کے رشتہ داروں کی ملاقات کے جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ ابھی تک مکہ مکرمہ سے 7 قافلے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور واپسی کے پروگرام کے مطابق یہ قافلے مدینہ منورہ روانہ کئے جارہے ہیں۔ حج کمیٹی کے حجاج کرام کا سعودی عرب میں 36یا 37 دن قیام ہے جبکہ مدینہ منورہ میں 9دن قیام کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔

حجاج کرام کا پانچواں قافلہ کل 11:30بجے دن حیدرآباد پہنچے گا جس میں 350 حجاج کرام شامل ہوں گے۔ 25اکٹوبر،28اکٹوبر اور 3نومبر کو دو، دو قافلے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود تمام خادم الحجاج سے ربط پیدا کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ حجاج کرام کو زائد سامان ساتھ رکھنے سے روکیں اور مقررہ قواعد کے مطابق سامان لانے کا مشورہ دیں کیونکہ زائد لگیج کی صورت میں حیدرآباد ایرپورٹ پر انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ حجاج کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اور قیمتی اشیاء کی منتقلی سے گریز کریں تاکہ کسٹمس حکام کی قانونی کارروائی کا شکار نہ ہوں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ سعودی ایر لائنس نے لگیج کے سلسلہ میں جو شرائط مقرر کئے ہیں اس کی بہرحال پابندی کی جانی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT