Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / حجامہ لگانا حضور اکرمؐ کی سنت، قدیم اور بہتر طریقہ علاج

حجامہ لگانا حضور اکرمؐ کی سنت، قدیم اور بہتر طریقہ علاج

دفتر سیاست میں خواتین کا مفت حجامہ کیمپ ، پروفیسر رحیم النساء اور دیگر کا خطاب

دفتر سیاست میں خواتین کا مفت حجامہ کیمپ ، پروفیسر رحیم النساء اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔23مارچ(سیاست نیوز) ڈاکٹر رحیم النساء موظف پروفیسر نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل نے کہا کہ حجامہ لگانا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور یہ قدیم اور بہترین طریقہ علاج ہے۔ یہ طریقہ نہ صرف اطبائے یونانی بلکہ دیگر مختلف طب میں بھی رائج ہے۔ پروفیسر رحیم النساء نے ادارۂ سیاست کے زیراہتمام ایک روزہ مفت حجامہ کیمپ برائے خواتین کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے علاوہ دیگر ماہر حجامہ، ڈاکٹرس کا تعارف کروایا۔ پروفیسر رحیم النساء نے کہا کہ حجامہ نہ صرف مختلف امراض میں علاج کے طور پر کیا جارہا ہے بلکہ حفظ ماتقدم کے طور پر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ پروفیسر رحیم النساء نے کہا کہ حضورؐ نے نہ صرف حجامہ کروایا بلکہ صحابہ کو بھی حجامہ کروانے کا حکم دیا۔ حضرت ابوبشر فرماتے ہیں کہ حضورؐ سر مبارک پر اور دونوں کندھوں کے درمیان حجامہ لگوایا کرتے تھے

اور فرماتے جس شخص نے حجامہ کے ذریعہ اپنا خون نکال دیا تو اب اسے کوئی خدشہ نہیں اس بات سے کہ وہ کسی بیماری کا کوئی علاج کروائے۔ پروفیسر رحیم النساء نے ادارہ سیاست کے ملی، علمی، طبی، سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ماہر حجامہ لیڈی ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے کہا کہ مردوں کی طرح عورتوں کو بھی حجامہ لگوانا چاہئے جو بہت مفید اور کامیاب طریقہ علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجامہ کے ذریعہ سر کا درد، ڈپریشن، بلڈ پریشر، عرق النساء،گھٹنوں کے درد،گردوں کا درد، کمر کا درد، نفسیاتی مرض، الرجی کے علاوہ، عورتوں کے امراض کے علاوہ کسی بھی مقام درد پر بچھنا لگانا انتہائی کامیاب طریقہ علاج ہے۔ حجامہ کیمپ میں 560 خواتین نے استفادہ کیا۔ ماہر حجامہ، ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے زیرنگرانی ڈاکٹر کوثر فاطمہ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم، ڈاکٹر جویریہ عرشین، ڈاکٹر جبین فاطمہ، ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ، ڈاکٹر نصرت سلطانہ، ڈاکٹر ممتاز جہاں، ڈاکٹر شاہین تاج، ڈاکٹر سلمیٰ سلطانہ ، ڈاکٹر فوزیہ، ڈاکٹر نزہت، ڈاکٹر اسماء، ڈاکٹر آمینہ، ڈاکٹر ناظمہ، ڈاکٹر نوشین، ڈاکٹر منیر فاطمہ، ڈاکٹر سیدہ ضیاء فاطمہ، ڈاکٹر سراج النساء، ڈاکٹر فرحت جہاں نے مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے حجامہ کیا۔ کیمپ کو کامیاب بنانے میں جناب فہیم انصاری، جناب محمد نصیر، جناب محمد خالد محی الدین اسد، جناب سید رضوان، مس نیہا، جناب محمد محمود نے انتظامات کئے۔

TOPPOPULARRECENT