Wednesday , December 12 2018

حجامہ کیمپ طب نبویؐ کے فروغ میں معاون اور موثر ثابت

سیاست کے زیر اہتمام چھٹا حجامہ کیمپ : جناب زاہد علی خاں و جناب ظہیر الدین علی خاں کی تقاریر

سیاست کے زیر اہتمام چھٹا حجامہ کیمپ : جناب زاہد علی خاں و جناب ظہیر الدین علی خاں کی تقاریر

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ادارہ سیاست کے زیر اہتمام گذشتہ چھ ماہ سے ہر مہینہ پابندی کے ساتھ دفتر سیاست میں حجامہ کیمپ منعقد ہورہا ہے ۔ جس سے سینکڑوں افراد مرد و خواتین استفادہ کررہے ہیں حجامہ سے متعلق عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے ۔ 1400 سالہ قدیم طریقہ علاج حضور کریم ﷺ کے دور سے رائج ہے جو سعودی عربیہ ، امریکہ اور دیگر بیرونی ممالک میں رائج ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال میں مرد حضرات کے حجامہ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے بے شمار افراد اس سے استفادہ کررہے ہیں ادارہ سیاست جو زندگی کے مختلف شعبہ جات میں سرگرم ہے وہیں صحت عامہ کے لیے طبی خدمات انجام دے رہاہے اور یونانی طب اور اطباء کی حوصلہ افزائی کے لیے ادارہ ہمیشہ پیش پیش رہا ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ سیاست کی انٹرنیٹ پر نیوز کا بیرونی ممالک میں اتنا اثر ہے کہ امریکہ ، سعودی عرب ، یورپ ، آسٹریلیا میں بے شمار قارئین حجامہ سے متعلق سوالات کرتے ہیں کہ یہ کیا ہے اور وہ اس طریقہ علاج سے واقفیت حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں ۔ دوبئی اور قطر میں حجامہ کے طریقہ علاج کو اپنایا جارہا ہے ۔ اور یونانی اطباء کا حجامہ کے ماہرین پر مشتمل مندوبین کا وفد ان خلیجی ممالک کا دورہ کرنے کے لیے پروگرام کو قطعیت دے رہا ہے ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین پروگرام کوآرڈینٹر ( سابق مشیر یونانی حکومت آندھرا پردیش ) نے بتلایا کہ آج کے کیمپ میں شہر اور اضلاع کے 260 افراد نے حجامہ کرواتے ہوئے کیمپ سے استفادہ کیا اور موثر طریقہ علاج بتایا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب ماہر حجامہ جو گذشتہ چھ سال سے حجامہ کو سائنٹفک طور پر شروع کئے ۔ بتایا کہ حجامہ کے بے شمار فوائد ہیں سب سے پہلے یہ سنت رسولؐ ہے اور دور جدید میں جو موذی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں ان کے لیے نہایت مفید ہے ۔ عام بیماری جیسے بی پی اور ذیابطیس کے لیے فائدہ مند ہے ۔ انہوں نے ادارہ سیاست ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کے بھر پور تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔ آج کے اس کیمپ میں جن ڈاکٹرس نے اپنی خدمات انجام دی ان میں ڈاکٹر محمد سہیل ، ڈاکٹر عبدالصمد ، ڈاکٹر عبدالمقتدر ، ڈاکٹر عبدالقدوس ، محمد مزمل ، ڈاکٹر محمد نذیر ، ڈاکٹر محمد منیر ، ڈاکٹر عبدالرزاق ، ڈاکٹر روف ، ڈاکٹر عبدالکریم ہیں ۔ رجسٹریشن کے فرائض محمد شاکر مخدوم ، سید رضوان ، عبدالمقیم ناصر ، یس نیہا ، یم این بیگ نے انجام دیا ۔ معاونت فہیم انصاری ، محی الدین اسد ، ایم اے حمید نے کی ۔ آخر میں ڈاکٹر مجیب نے شکریہ ادا کیا ۔

TOPPOPULARRECENT