Friday , July 20 2018
Home / شہر کی خبریں / حج آفیسرس اور اسسٹنٹس کے انتخاب کیلئے حیدرآباد میں انٹرویوز

حج آفیسرس اور اسسٹنٹس کے انتخاب کیلئے حیدرآباد میں انٹرویوز

6ریاستوں کیلئے مرکز،تلنگانہ کو اعزاز،ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی

حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2018 میں سعودی عرب میں عازمین حج کی خدمت کیلئے اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کے انتخاب کیلئے انٹرویوز پہلی مرتبہ حیدرآباد میں ہوں گے۔ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے اس مرتبہ انٹرویوز کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کیا ہے۔ ملک میں 3 مراکز پر یہ انٹرویوز منعقد کئے جائیں گے اور 6 ریاستوں کیلئے حیدرآباد کو مرکز بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، کیرالا، ٹاملناڈو اور لکشا دیپ کے امیدواروں کے انٹرویوز 29 مارچ سے حیدرآباد میں شروع ہوں گے جو 2 اپریل تک جاری رہیں گے۔ گزشتہ سال بنگلور میں انٹرویوز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جاریہ سال اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس درخواست گذاروں کے انٹرویوز کولکتہ، ممبئی اور حیدرآباد میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ 16 مارچ کو کولکتہ میں انٹرویوز کا آغاز ہوگا اور آخری مرحلہ میں 6 ریاستوں کے انٹرویوز 29مارچ سے حیدرآباد میں ہوں گے۔ ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حیدرآباد کو یہ اعزاز فراہم کرنے کیلئے مرکزی وزارت اقلیتی اُمور سے نمائندگی کی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سرکاری ملازمین اور عہدیداروں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو تین ماہ کے ڈپوٹیشن پر سعودی عرب میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ ہندوستانی قونصل خانہ کے تحت ان کی خدمات ہوتی ہیں۔ انٹرویوز کے سلسلہ میں جوائنٹ سکریٹری، ایڈیشنل سکریٹری، محکمہ اقلیتی امور حکومت ہند کے علاوہ ڈپٹی چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی کی حیدرآباد آمد کا امکان ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مرکزی حکومت نے حیدرآباد کا انتخاب کیا ہے۔مرکزی وزارت اقلیتی امور نے درخواستیں طلب کرلی ہیں اور انٹرویو کے بعد حج سے تین ماہ قبل منتخب امیدواروں کو سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2018 کیلئے تلنگانہ کو 500 عازمین کی ویٹنگ لسٹ کی منظوری کا امکان ہے۔ گزشتہ سال 225 عازمین کی ویٹنگ لسٹ منظور ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ82 افراد نے اپنا سفر منسوخ کردیا جبکہ 240 منتخب عازمین نے اخراجات کی پہلی قسط ادا نہیں کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی پہلی مرتبہ حج کمیٹی کے آفس آمد پر صدرنشین مسیح اللہ خاں نے ان کی شالپوشی کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مسیح اللہ خاں کو صدرنشین حج کمیٹی کے عہدہ پر فائز کئے جانے کیلئے تہنیت پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT