Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / حج اخراجات میں 30ہزار روپئے اضافہ

حج اخراجات میں 30ہزار روپئے اضافہ

محمد مبشر الدین خرم

محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔/11مارچ ۔ حج 2015 کے اخراجات میں مجموعی اعتبار سے 30 ہزار روپئے کا اضافہ ہوگا۔ حج 2015 میں حج بیت اللہ کی ادائیگی کے خواہشمندوں کیلئے یہ خبر افسوسناک ثابت ہوگی لیکن یہ حقیقت ہے کہ مرکزی حج کمیٹی نے 30ہزار روپئے فی کس اضافہ کا تقریباً فیصلہ کرلیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے متعین کردہ دونوں زمروں عزیزیہ اور گرین میں مجموعی اعتبار سے 30ہزار روپئے کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حج 2014کیلئے عزیزیہ کی قیمت ایک لاکھ 65ہزار روپئے تھی اور گرین زمرہ کیلئے ایک لاکھ 91ہزار روپئے وصول کئے جارہے تھے

لیکن اس سال گرین زمرہ کیلئے 2لاکھ25ہزار روپئے وصول کئے جائیں گے جبکہ عزیزیہ زمرہ کیلئے اخراجات ایک لاکھ 90ہزار تک پہنچ جائیں گے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے حج سبسیڈی کی برخاستگی کے احکامات اور 10سال کے دوران بتدریج سبسیڈی برخواست کرنے کی ہدایت کے بعد مرکزی حج کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فضائی کرایہ میں 7ہزار روپئے تک کا اضافہ ہوگا اور سال گزشتہ کی مناسبت سے اس مرتبہ بیرونی زر مبادلہ میں آئی تبدیلی کے سبب ریال کی قیمت میں ہوئے اضافہ کے سبب 17ہزار روپئے کا بوجھ عائد ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح مرکزی وزارت خارجہ نے عازمین حج کو دو سوٹ کیس فراہم کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کی قیمت کے طور پر مرکزی حج کمیٹی 7ہزار روپئے فی عازم حج وصول کرے گی۔ حج 2015 کیلئے مکمل اخراجات کو قطعیت دے دی گئی ہے اس کا باضابطہ اعلان اندرون دو یوم کردیا جائے گا۔

کنوینر حیدرآباد فضائی مرکز برائے حج جناب عبدالحق رکن مرکزی حج کمیٹی نے ’ سیاست‘ سے خصوصی بات چیت کے دوران اس بات کی توثیق کی ہے کہ جاریہ سال حج بیت اللہ کے اخراجات میں 30ہزار تک اضافہ ہوگا اور اس اضافہ کی وجہ سپریم کورٹ کی جانب سے 2012ء میں جاری کردہ سبسیڈی کی بتدریج برخاستگی کے احکامات ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حج 2014 میں عازمین حج سے بطور فضائی کرایہ 35ہزار روپئے وصول کیا گیا تھا جوکہ 7ہزار روپئے حج 2013 سے اضافی تھا۔ اسی طرح اس مرتبہ حج 2015ء میں فضائی کرایہ میں 7ہزار روپئے اضافہ کرتے ہوئے اسے 42ہزار روپئے کیا گیا ہے۔ فضائی کرایہ میں سات ہزار روپئے کے اضافہ کو مرکزی وزارت خارجہ، مرکزی حج کمیٹی اور مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے قطعیت دے دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں تمام اُمور بالخصوص عازمین حج کیلئے ریال کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں بھی قطعیت پاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ 2012میں سپریم کورٹ کی جانب سے حج سبسیڈی کی بتدریج برخاستگی کے احکامات کے بعد سے حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین کے فضائی کرایوں میں جملہ 14ہزار روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT