Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حج بیت اللہ کے دوران وبائی امراض پر قابو پانے احتیاطی اقدامات ممکن

حج بیت اللہ کے دوران وبائی امراض پر قابو پانے احتیاطی اقدامات ممکن

ڈاکٹر ایم شجاع الدین شفیع سابق سکریٹری جنرل مسلم کونسل آف بریٹین سے بات چیت
محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔14ڈسمبر۔حج بیت اللہ میں ہجوم کے دوران وبائی امراض پھیلنے کے خدشات کو دور کرنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جاسکتے ہیں اور ابتدائی احتیاط کے ذریعہ ان امراض کو پھیلنے کو روکا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ایم شجاع الدین شفیع سابق سیکریٹری جنرل مسلم کونسل آف بریٹین نے آج ایک خصوصی ملاقات کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ گہما گہمی والے علاقو ںمیں جہاں بھاری تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں ان مقامات پر تنفس سے متعلق امراض پھیلنے لگتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 10برسوں سے وہ ان امور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے لیے انہیں کافی تحقیق کرنی پڑتی ہے۔ ڈاکٹر ایم شجاع الدین نے بتایا کہ حج بیت اللہ کے دوران مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں عوام ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور اس مجمع میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ موجود ہوتے ہیں جن میں وبائی امراض سے متاثرہ لوگوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ہندستان سے روانہ ہونے والے عازمین میں ٹی بی سے متاثرہ لوگوں کی خاصی تعداد کا خدشہ ہوتا ہے کیونکہ ہندستان دنیا میں دوسرا بڑا ملک ہے جہاں ٹی بی کے متاثرین زیادہ پائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر ایم شفیع الدین جو فرزند دکن ہیں اور گذشتہ 27 برسوں سے برطانیہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں سابق میں مسلم کونسل آف بریٹین کے سیکریٹری جنرل کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ہندستانی شہریوں میں ہجرت کے رجحان کے متعلق بتایا کہ شہریوں کی ہجرت سماجی ضروریات کی بنیاد پر ہوتی ہیں اور 20تا25 سال قبل جن شہریوں نے بیرون ملک سکونت اختیار کی وہ مواقع کے اعتبار سے ممالک کا انتخاب کیا کرتے تھے اور اب بھی وہی رجحان ہے جہاں بہ آسانی سکونت اختیار کی جاسکتی ہے ان ممالک کا ہی رخ کیا جاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرہجوم مقامات پر وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے طور پر معیاری ماسک کے استعمال کے علاوہ قوت مدافعت میں اضافہ کرنے والی ادویات کا استعمال بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اس سلسلہ میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ایم شجاع الدین شفیع نے بتایا کہ برطانیہ سے سالانہ 25ہزار عازمین حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوتے ہیں اور گذشتہ 8برسوں سے ان میں صحت کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے سلسلہ میں خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مسلم کونسل فار بریٹین کے ذریعہ برطانوی مسلمانوں میں معاشرت‘ صحت اور تعلیم کے علاوہ حصول انصاف کے امور پر خدمات انجام دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ یہ تنظیم برطانیہ کی 500 تنظیموں کا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعہ خیراتی و فلاحی کام بھی انجام دیئے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر شجاع الدین شفیع نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ میں رہنے والے تمام افراد کے درمیان اقل ترین منصوبہ پر اتحاد و اتفاق نہیں ہوتا اس وقت تک مثالی معاشرہ کی تشکیل عمل میں نہیں لائی جا سکتی اسی لئے مسلم تنظیموں کے اس پلیٹ فارم کے ذریعہ یہ کوشش کی جاتی ہے کہ دیگر اقلیتوں کے مشترکہ مسائل و مطالبات کو بھی یکساں طور پر پیش کیا جاسکے اور ان سے روابط کو بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے بتایاکہ MCBمیں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلم تنظیمیں جو برطانیہ میں ہیں وہ وابستہ ہیں اور وہ تنظیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اس تنظیم سے وابستہ افراد میں اکثریت رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے والوں کی ہے ۔تنظیم کے بنیادی مقاصد میں یہ بات شامل ہے کہ برطانوی مسلمان بہتر معاشرہ کی تشکیل میں کس طرح کا کردار ادا کریں اور کس طرح سے اجتماعی ترقی اور ملکی مفادات کے لئے خدمات انجام دیں۔ڈاکٹر ایم شجاع الدین شفیع نے بتایاکہ وہ فی الحال صحت کے امور کے متعلق شعور بیداری اور گھما گہمی والے علاقوں میں پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے تحقیقی کام انجام دے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT