Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / حج درخواست گزاروں سے جلد کور نمبر حاصل کرلینے کی خواہش

حج درخواست گزاروں سے جلد کور نمبر حاصل کرلینے کی خواہش

جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی متوقع ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج 2016 کے لیے حج کمیٹی کو جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں ان تمام کے کور نمبر الاٹ ہوچکے ہیں اور بیشتر افراد نے اپنے کور نمبر حاصل کرلیے ہیں لیکن پھر بھی ایسے بے شمار درخواست گزار ہیں جنہوں نے اپنے کور نمبر حاصل نہیں کئے ہیں ۔ انہوں نے ایسے تمام حج درخواست گزاروں سے جنہوں نے حج 2016 کے لیے درخواستیں دی ہیں لیکن تاحال اپنے کور نمبر حاصل نہیں کئے ہیں ۔ خواہش کی ہے کہ وہ جلد سے جلد دفتر حج کمیٹی سے اپنے کور نمبر کی سلپ حاصل کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے درخواست گزار قرعہ اندازی سے قبل اپنے کور نمبر حاصل کرلیں تو ان کو قرعہ اندازی میں اپنے نمبر کے انتخاب کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے میں سہولت ہوگی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے عازمین اور 70 سال سے زائد عمر کے عازمین اور ان کے ہمراہی عازمین سے بھی خواہش کی ہے کہ وہ بھی اپنا کور نمبر حاصل کرلیں ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ اس سال ریاست تلنگانہ سے جملہ 17,321 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں فریش درخواست گزاروں کی تعداد 15123 ہے جن کے لیے قرعہ اندازی ہوگی ۔ محفوط زمروں کے درخواست گزاروں کی تعداد 2198 ہے ۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ 11610 درخواست گزاروں کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ اسی طرح ریاست آندھرا پردیش سے جملہ 3250 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں فریش درخواست گزاروں کی تعداد 3055 اور محفوظ زمروں کے عازمین کی تعداد 195 ہے ۔ سب سے زیادہ 774 درخواستیں ضلع کرنول سے وصول ہوئی ہیں ۔ جملہ درخواست گزاروں کے ساتھ تلنگانہ میں 33 شیرخوار اور آندھرا پردیش سے صرف ایک شیر خوار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فریش درخواست گزاروں میں سے کوٹہ کے مطابق عازمین کے انتخاب کے لیے جاریہ ماہ مارچ کے تیسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی متوقع ہے اور توقع ہے کہ اس وقت تک دونوں ریاستوں کے لیے 2011 کی مردم شماری کے مطابق علحدہ حج کوٹہ کا بھی اعلان کردیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT