Thursday , April 26 2018
Home / شہر کی خبریں / حج سبسیڈی کی بحالی کے لیے جدوجہد پر زور : جیون ریڈی

حج سبسیڈی کی بحالی کے لیے جدوجہد پر زور : جیون ریڈی

پنچایت راج قانون سازی پر کانگریس کا اجلاس ، صدر پی سی سی اتم کمار و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ٹی جیون ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں حج سبسیڈی کی برخاستگی کے مسئلہ کو چھیڑتے ہوئے اس کو موضوع بنانے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پنچایت راج کی قانون سازی کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران اسمبلی حلقہ جگتیال کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے کہا کہ وہ ایجنڈے سے ہٹ کر ایک اہم موضوع حج سبسیڈی پر بات کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ تلنگانہ کے علاوہ سارے ملک کے مسلمانوں کا مسئلہ ہے ۔ مرکزی حکومت کے اس اقدام سے عازمین حج پر زائد مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ اس مسئلہ پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایک موقف اختیار کرے یا ریاستی حکومت پر برخاست کردہ سبسیڈی کی رقم کو برداشت کرنے کا دباؤ بنائے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس مسئلہ پر کانگریس کے مسلم قائدین اور اہم شخصیتوں سے تبادلہ خیال کریں گے ساتھ ہی یہ قومی مسئلہ ہے اس پر کانگریس پارٹی ہائی کمان کے موقف کا اظہار ہونے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی اختیار کریں گے ۔ آزادی کے بعد سے کانگریس حکومت مسلمانوں کو حج سبسیڈی فراہم کررہی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ یہ مرکز کا مسلم دشمن فیصلہ ہے ۔ جس پر وہ کل پریس کانفرنس میں مذمت کرچکے ہیں ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس سید عظمت اللہ حسینی نے بھی اپنی رائے پیش کی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کے خلاف کی گئی کارروائی ہے ۔ وہ اس مسئلہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرچکے ہیں ۔ اس پر وہ پارٹی قائدین کیلئے مزید روشنی ڈالیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT