Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / حج سبسیڈی کی برخاستگی سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین غیر متاثر

حج سبسیڈی کی برخاستگی سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین غیر متاثر

گذشتہ سال بھی فضائی کرایوں پر سبسیڈی سے محرومی ، احمد شریف گورنمنٹ وہپ اے پی کا بیان
حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے حج سبسیڈی کی برخاستگی سے آندھراپردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کرایہ پر دی جانے والی سبسیڈی گزشتہ سال بھی دونوں ریاستوں کو نہیں ملی تھی۔ احمد شریف نے کہا کہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کا فضائی کرایہ دیگر شہروں کے مقابلہ کم ہے اور سبسیڈی سے دونوں ریاستوں کے عازمین کے فضائی کرایہ میں اضافہ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ احمد شریف نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت نے سبسیڈی برخاستگی سے متعلق فیصلے کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان ہے کہ اس سے عازمین پر کوئی مالی بوجھ عائد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حج 2018ء کے لیے آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے ہوگی کیوں کہ وجئے واڑہ گناورم ایرپورٹ کا رن وے بڑے طیاروں کی آمد و رفت کے مطابق تیار نہیں ہے۔ وجئے واڑہ سے عازمین کی روانگی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندرا بابو نائیڈو نے گزشتہ دو برسوں میں مساعی کی ہے۔ تاہم وزارت شہری ہوابازی نے ایرپورٹ کے رن وے کا عذر پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک رن وے کی توسیع کا کام مکمل ہوجائے گا اور امکان ہے کہ 2019ء سے آندھراپردیش کے عازمین حج گناورم ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔ چندرا بابو نائیڈو نے عازمین حج کی بہتر خدمات کے لیے ہر سال 15 کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے۔ کڑپہ میں 12 کروڑ کے مصارف سے حج ہائوز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ وجئے واڑہ میں اراضی کی نشاندہی کی جارہی ہے تاکہ 24 کروڑ کے مصارف سے عصری سہولتوں کے ساتھ حج ہائوز تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے چندرا بابو نائیڈو حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں۔ تعلیمی اور معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئمہ اور موذنین کے لیے ماہانہ اعزازیہ اور غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں امدادی اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ احمد شریف نے کہا کہ عازمین حج کے لیے گزشتہ سال کی طرح بہتر انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے اشتراک سے حج کیمپ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔

TOPPOPULARRECENT