Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / حج سیزن 2015ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کے کوٹہ میں اضافہ کا تیقن

حج سیزن 2015ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کے کوٹہ میں اضافہ کا تیقن

ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی نمائندگی پر مثبت ردعمل

ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی نمائندگی پر مثبت ردعمل
حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے حج سیزن 2015 کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے کوٹہ میں اضافہ کا تیقن دیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کے اجلاس میں اس سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کا حج کوٹہ 2001 مردم شماری کی بنیاد پر طئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 2011 مردم شماری کی بنیاد پر حج کوٹہ کے تعین کی تجویز پیش کی تاکہ دونوں ریاستوں کے حج کوٹہ میں اضافہ ہو۔ سنٹرل حج کمیٹی کے صدرنشین اور اعلیٰ عہدیداروں نے اس سلسلہ میں مثبت کارروائی کا تیقن دیا۔ ممبئی میں آج سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حج 2014 کے کامیاب انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور انتظامات میں بعض کوتاہیوں کے تجربہ کی بنیاد پر حج سیزن 2015میں ان خامیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدرنشین جناب قیصر شمیم، چیف ایکزیکیٹو آفیسر جناب عطاء الرحمن کے علاوہ کونسل جنرل ہندوستان برائے جدہ پی ایس مبارک اور کونسل حج نور محمد نے شرکت کی۔ ملک کی تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے صدور نشین اور ایکزیکیٹو آفیسرس کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ حج سیزن 2015 کی سرگرمیوں کا جنوری سے آغاز کیا جائے۔ حج درخواستوں کی اجرائی کا جنوری سے آغاز ہوگا۔ اجلاس نے آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کیلئے تمام ریاستوں سے تجاویز طلب کی۔ تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحتمند عازمین حج کو روانہ کریں کیونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ مختلف عوارض کا شکار عازمین بوگس میڈیکل سرٹیفکیٹس کے ذریعہ حج کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ سعودی عرب پہنچنے کے بعد نہ صرف حکام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ ساتھی عازمین کو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حج 2014میں جملہ 126 اموات واقع ہوئیں اور 8 خواتین کی ڈیلیوریز ہوجائیں۔ 36 عازمین شدید طور پر بیمار تھے جنہیں واپس کردیا گیا۔ اس کے علاوہ 25ایسے عازمین پہنچے جن کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ حج کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مکمل طور پر صحت مند عازمین کی روانگی کو یقینی بنائیں اور میڈیکل سرٹیفکیٹس کی جانچ کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور کی تجویز پر وزارت خارجہ کے عہدیداروں نے خادم الحجاج کے انتخاب کو آن لائن کرنے سے اتفاق کیا تاکہ خادم الحجاج کے انتخاب میں نہ صرف شفافیت برقرار رہے بلکہ خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کا انتخاب کیا جاسکے۔ وزارت خارجہ نے اس سلسلہ میں بعض قواعد میں تبدیلی سے بھی اتفاق کیا ہے۔ کونسل جنرل حج پی ایس مبارک نے 2014 حج میں عازمین کو عزیزیہ سے حرم منتقلی کے سلسلہ میں ٹرانسپورٹیشن کی دشواریوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ آئندہ سال اس مسئلہ پر قابو پالیا جائے گا۔ قربانی کے نظم میں بعض بے قاعدگیوں کی شکایت ملنے پر حج کمیٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ آئندہ سال عازمین حج سے قربانی کی رقم حج کمیٹی حاصل کرلے گی اور کونسل جنرل جدہ کے ذریعہ قربانی کا نظم کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں کسی سرکاری ادارہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ عازمین حج کو فراہم کی جانے والے 2100ریال میں سے قربانی کی رقم منہا کرلی جائے گی۔ حج کمیٹی نے عازمین کے بیاگیج کے معاملہ میں قواعد کی خلاف ورزی کے تجربات کو دیکھتے ہوئے تمام عازمین کیلئے معیاری طرز کے دو سوٹ کیس سربراہ کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں کسی کمپنی سے بات چیت کی جائے گی تاکہ تمام ہندوستانی عازمین حج کا بیاگیج مقررہ حد کے مطابق رہے۔ کونسل جنرل جدہ نے مدینہ منورہ میں ہندوستانی عازمین حج کیلئے ان کے علاقوں کے اعتبار سے کھانا فراہم کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج ٹرمنل حیدرآباد میں ایرکنڈیشن کی سہولت اور بیاگیج کی منتقلی کے لئے بیلٹ کی سہولت فراہم کرنے کی نمائندگی کی جس سے عہدیداروں نے اتفاق کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT