Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / حج فلائیٹس کے شیڈول کا اعلان، 21 اگست کو پہلی پرواز

حج فلائیٹس کے شیڈول کا اعلان، 21 اگست کو پہلی پرواز

روزانہ دو فلائیٹس ، 4 اکٹوبر سے حجاج کی واپسی ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد /17 جون ( پریس نوٹ ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج  2016 کیلئے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے فلائیٹ شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق 21 اگست سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی دوسرے مرحلے میں روانگی عمل میں آئے گی اور تمام عازمین حالت احرام میں براہ جدہ مکہ معظمہ روانہ ہوں گے ۔ فریضہ حج کی ادائیگی اور زیارت روضہ نبوی ﷺ کی سعادت سے سرفراز ہونے کے بعد حجاج کرام کی واپسی 4 اکٹوبر سے مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کا 19 اگست سے آغاز ہوگا ۔ عازمین حج کیلئے ان کی مقررہ فلائیٹ سے 48 گھنٹے قبل حج کیمپ میں رپورٹ کرنا ضروری ہے ۔ چنانچہ کیمپ کے آغاز کے ساتھ ہی پہلے دن 21 اگست کی پہلی فلائیٹ کے عازمین حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے ۔ عازمین کی آخری فلائیٹ 28 اگست کو روانہ ہوگی ۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے آٹھ روزہ کیمپ کے دوران جملہ 15 فلائیٹس روانہ ہوں گی ۔ 21 اگست سے 27 اگست تک روزانہ دو فلائیٹس روانہ ہوں گی ۔ واپسی کے دوران بھی 4 اکٹوبر سے 10 اکٹوبر تک روزانہ دو فلائیٹس کی واپسی ہوگی اور جس طرح روانگی کے وقت 28 اگست کو ایک پرواز مقرر ہے اسی طرح واپسی کے دوران بھی 11 اکٹوبر کو ایک پرواز مقرر ہے ۔ ہر فلائیٹ میں 340 مسافرین کی گنجائش ہے ۔ چار فلائیٹس صبح 6 بجے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اڑان بھریں گی اور صبح 9 بجے تک جدہ پہونچ جائیں گی ۔ سات فلائیٹس صبح 9 بجے روانہ ہوکر دوپہر 12 بجے جدہ پہونچیں گی اور باقی چار فلائیٹس دوپہر 2 بجے روانہ ہوں گی اور شام 5 بجے جدہ پہونچ جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ انفرادی شیڈول کا بھی بہت جلد اعلان کردیا جائے گا ۔عازمین حج کیلئے حج مصارف کی دوسری قسط کی رقم جمع کرانہ کی آخری تاریخ 2 جولائی مقرر کی گئی ہے ۔ عازمین جلد سے جلد اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا پھر یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جہاں کور بیکنگ کی سہولت موجود ہو حج کمیٹی کے اکاونٹ میں دوسری قسط جمع کروادیں ۔

TOPPOPULARRECENT