Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / حج مصارف کی پہلی قسط جمع کروانے کی 12 فبروری آخری تاریخ

حج مصارف کی پہلی قسط جمع کروانے کی 12 فبروری آخری تاریخ

منتخب عازمین حج جلد سے جلد اپنی رقم جمع کروادیں: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/6فبروری، ( پریس نوٹ ) ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہاہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2018 کے منتخب عازمین حج کیلئے حج مصارف کی پہلی قسط کی رقم مبلغ 81,000/- روپئے فی کس جمع کروانے کی آخری تاریخ 12 فبروری مقرر کی ہے۔ جن منتخب عازمین نے اب تک رقم جمع نہیں کروائی ہے وہ اپنی پہلی قسط جمع بینک چالان یا ای پے منٹ کے ذریعہ ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم ڈپازٹ کرواتے وقت بینک میں پان (PAN) کارڈ نمبر لازماً پیش کریں۔ اگر کسی کے پان کارڈ نہ ہو تو وہ فارم 60 کی خانہ پُری کرکے پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو عازمین مقررہ تاریخ کے اندر پہلی قسط جمع نہ کروائیں تو ان کی سیٹ منسوخ ہوجائے گی۔ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت ہو جمع کروائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو عازمین آن لائن ادائیگی کرنا چاہیں وہ انٹرنیٹ، بینکنگ، ڈیبیٹ کارڈ اور کریڈ, کارڈ سے ادائیگی کیلئے حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in پر مہیا ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین بینک میں ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ عازمین بینک چالان پر یا ای پے منٹ کے ذریعہ ادائیگی پر اپنا ریفرنس نمبر بھی لازماً درج کریں، اس طرح یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوگی۔ تمام عازمین کو بینک ریفرنس نمبر دے دیا گیا ہے۔ عام زمرہ کے تحت منتخب عازمین اپنا پاسپورٹ ، ایک عدد فوٹو، اور میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازماً داخل کروادیں۔ مزید تفصیلات کیلئے دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز، فون نمبر 040-23298793 پر ربط کریں۔

TOPPOPULARRECENT