Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حج ٹرمنل کے باہر کچی سڑک سے حجاج کرام کو دشواری

حج ٹرمنل کے باہر کچی سڑک سے حجاج کرام کو دشواری

سامان کی منتقلی کے لیے لگیج بیلٹ ندارد ، ایرکنڈیشنڈ نہیں ، کئی مشکلات ، 11 ویں قافلے کی واپسی

سامان کی منتقلی کے لیے لگیج بیلٹ ندارد ، ایرکنڈیشنڈ نہیں ، کئی مشکلات ، 11 ویں قافلے کی واپسی
حیدرآباد۔/28اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے 692 حجاج کرام پر مشتمل دو قافلے آج مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ اس طرح حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے حجاج کے 11 قافلے وطن واپس ہوچکے ہیں مزید 7قافلوں کی واپسی باقی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔ پہلا قافلہ دن میں 11بجے جبکہ دوسرا رات 9بجے حیدرآباد پہنچا۔ سعودی ایر لائنس کی 18خصوصی پروازوں سے حجاج کرام مدینہ منورہ سے راست حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ کسٹمس، ایمیگریشن، جی ایم آر اور حج کمیٹی کے عہدیداروں نے فلائیٹ کی آمد کے بعد ضروری اُمور کی تکمیل میں حجاج سے تعاون کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے جی ایم آر کے عہدیداروں کو حج ٹرمنل میں پائی جانے والے بعض اُمور سے واقف کرایا اور ان کی جلد یکسوئی کی خواہش کی تاکہ حجاج کرام کو سامان کی منتقلی اور باہر نکلنے میں دشواری نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ صبح کی پہلی فلائیٹ میں 342حجاج کرام واپس ہوئے ہیں جبکہ 8 حجاج بعد میں وطن واپس ہوں گے۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں موجود حجاج کرام کے خادم الحجاج سے ربط قائم کیا اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے خادم الحجاج کو ہدایت دی کہ وہ واپسی کے موقع پر حجاج کو سامان کی مقررہ حد اور ممنوعہ قیمتی اشیاء کے بارے میں واقف کرائیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج جی ایم آر کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر این کشور اور ان کی ٹیم کو حج ٹرمنل کا دورہ کرایا اور وہاں سامان کی منتقلی کے لئے لگیج بیلٹ، ٹرمنل میں ایر کنڈیشنڈ اور ٹرمنل کے باہر سمنٹ روڈ کی تعمیر کے سلسلہ میں توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ بیلٹ کی عدم فراہمی کے سبب ضعیف حجاج کرام کو سامان اٹھانے میں دشواری ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ بارش کے سبب حج ٹرمنل کے باہر کچی سڑک پر پانی جمع ہورہا ہے جس سے حجاج کو جانے میں دشواری ہورہی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر جی ایم آر نے تیقن دیا کہ آئندہ سال حج ٹرمنل کے قیام کے موقع پر ان اُمور کی یکسوئی کردی جائے گی۔ حجاج کرام کا 12واں قافلہ کل دوپہر 12بجے حیدرآباد واپس ہوگا جس میں 350 حجاج شامل ہوں گے۔ قافلوں کی واپسی کے آخری دن یعنی 3نومبر کو دو قافلے حیدرآباد واپس ہوں گے جس میں 600 حجاج کرام ہوں گے۔ حج کمیٹی نے ممبئی واپس ہونے والے حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی کے سلسلہ میں آر ٹی سی کی تین بسوں کا انتظام کیا گیا ہے جس کیلئے فی بس 70ہزار روپئے ادا کئے گئے۔اب تک جملہ 3738 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT