Thursday , December 13 2018

حج پہلے تربیتی کیمپ کا 18 فروری کو ہائی ٹیک گارڈن میں انعقاد

عازمین نے مصارف کی پہلی قسط ادا کردی ۔ 44 عازمین کا سفر حج منسوخ
حیدرآباد۔13۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے منتخب عازمین حج نے حج مصارف کی پہلی قسط 81,000 ادا کرتے ہوئے پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ پہلی قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ کل ختم ہوگئی اور سنٹرل حج کمیٹی بہت جلد پہلی قسط ادا کرنے والے عازمین کی تفصیلات سے تلنگانہ حج کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 44 عازمین حج نے سفر منسوخ کرتے ہوئے حج کمیٹی میں درخواست داخل کی ہے ۔ ان کی جگہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ تاہم اس کا اعلان سنٹرل حج کمیٹی کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مصارف کی پہلی قسط کی ادائیگی کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی حج کمیٹی نے عازمین کیلئے تربیتی کیمپس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ حج سیزن کا پہلا تربیتی کیمپ 18 فروری کو ہائی ٹیک گارڈن ملک پیٹ قدیم میں منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کیمپ کا افتتاح کریں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں صدارت کریں گے ۔ علماء اور عوامی نمائندے کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے عازمین حج سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اتوار کو ایک تربیتی کیمپ منعقد ہوگا۔ اضلاع میں حج سوسائٹیوں کے ذریعہ تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ جاریہ سال تلنگانہ کو 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا جن میں 508 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر 70 سال کے محفوظ زمرہ میں انتخاب عمل میں آیا ۔ 3558 عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 17130 درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین حج کی خصوصی پروازوں کا ہندوستان سے 11 جولائی کو آغاز ہوگا جو 13 اگست تک جاری رہیں گی۔ تلنگانہ کیلئے دوسرے مرحلہ میں روانگی کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا ۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے حج ٹرینرس کے کیمپ کا اعلان کیا ہے ۔ 7 اور 8 مارچ کو ممبئی میں ٹرینرس کیمپ منعقد ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی 15 فروری تک ٹرینرس کی فہرست سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردے گی ۔ 250 عا زمین کیلئے ایک ٹرینر کے حساب سے 20 ٹرینرس تلنگانہ سے روانہ ہوں گے۔ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد یہ ٹرینرس شہر اور اضلاع میں عازمین حج کے تربیتی کیمپس میں شرکت کرتے ہوئے رہنمائی کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT