Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کے تمام ـضروری امور کی انجام دہی

حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کے تمام ـضروری امور کی انجام دہی

عازمین حج کے لئے تربیتی اجتماعات میں شرکت ضروری: پروفیسر ایس اے شکور و علماء کا خطاب
حیدرآباد 12 جون ( پریس نوٹ )  منتخب عازمین حج کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام تیسرا تربیتی اجتماع آج جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں منعقد ہوا‘ جس میں عازمین حج کو مناسک حج و عمرہ‘ احرام کی شرائط‘ آداب زیارت مدینہ منورہ اور سفر حج سے متعلق ضروری امور سے واقف کروایا گیا۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے  اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ان اجتماعات میں سفر حج سے متعلق تمام ضروری سرکاری امور‘ قواعد اور سہولتوں سے تفصیل کے ساتھ واقف کروایا جاتا ہے ‘ اس لئے عازمین ضرور شرکت کریں ۔  حج کمیٹی شہر کے علاوہ تمام اضلاع میں تربیتی اجتماعات کا اہتمام کرتی ہے۔ حج مصارف کی دوسری قسط کی ادائیگی کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ حج 2016کے حج مصارف کی دوسری قسط کی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 2جولائی مقرر کی گئی ہے۔ عازمین کو گرین زمرہ کے تحت فی کس 1,39,550/- روپئے جبکہ عزیزیہ زمرہ کے تحت فی عازم حج 1,05,650/-  روپئے ادا کرنے ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ گرین زمرہ میں جملہ مصارف  2,20,550/-   روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے لئے 1, 86, 650/-روپئے کے مصارف عائد ہورہے ہیں۔  جن عازمین کو رباط میں قیام کی اجازت مل جائے تو ان کو دوسری قسط میں صرف  57,950/-روپئے کے مصارف ہوں گے اور ان کے لئے رہائش کے ساتھ ساتھ طعام اور لانڈری کی سہولت بھی مفت رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ رباط کی سہولت کا تعلق حج کمیٹی سے نہیں ہے اور یہ نظام ٹرسٹ کا معاملہ ہے۔ اس کے لئے درخواستیں طلب کی جائیں گی اور جن کا انتخاب ہوگا ان کو سہولتیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے خادم الحجاج کی سہولت سے بھی عازمین کو واقف کروایا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس سال حج کمیٹی سے سوٹ کیس سربراہ نہیں کئے جائیں گے‘ بلکہ عازمین اپنی سہولت اور پسند کے سوٹ کیس خرید سکتے ہیں۔ اسی طرح قربانی کا بھی لزوم نہیں ہے‘ البتہ جو عازمین اسلامک ڈولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی ادا کرنے کے خواہش مند ہوں ان کو فی کس 8,160/-روپئے اضافی طور پر ادا کرنے ہوںگے۔ عازمین چاہیں تو اپنے طور پر بھی قربانی کا انتظام کرسکتے ہیں۔ اس سال بھی ریاست کے عازمین حج دوسرے مرحلہ میں ایر انڈیا کی فلائیٹس کے ذریعہ روانہ ہوں گے اور اس کی تاریخوں کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا تاکہ سرکاری ملازمین اس کے مطابق  رخصت حاصل کرلیں۔ ڈاکٹر فضل اللہ نے احرام کا طریقہ اور اس کی شرائط بتائیں اور مناسک حج و عمرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہو ںنے حج کے فرائض اور واجبات سے واقف کروایا ۔ منیٰ‘ مزدلفہ اور عرفات میں قیام کے تعلق سے تفصیلات بیان کیں۔ مفتی ابوبکر نے آداب زیارت مدینہ منورہ بیان کئے اور کہا کہ حج و عمرہ اور آداب زیارت مدینہ منورہ سے واقف ہونے کے لئے صرف ایک دو کیمپوں میں شرکت کافی نہیں ہے بلکہ عازمین زیادہ سے زیادہ ایسے اجتماعات میں شرکت کریں۔ اس موقعہ پر عازمین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے گئے۔ جناب عرفان شریف‘ حج کمیٹی‘ جناب محمد حسین ( جامع مسجد بی صاحبہ) نے انتظامات کی نگرانی کی۔ جناب محمد نور الدین نے کارروائی چلائی۔

TOPPOPULARRECENT