Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / حج کمیٹی کے عازمین کو مدینہ منورہ میں مفت طعام

حج کمیٹی کے عازمین کو مدینہ منورہ میں مفت طعام

پکوان کی عدم سہولت کے باعث مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی انتظام، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

پکوان کی عدم سہولت کے باعث مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی انتظام، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/19جولائی، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے والے عازمین حج کیلئے خوشخبری ہے کہ مدینہ منورہ میں 8روزہ قیام کے دوران طعام کے انتظام کیلئے کوئی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ اس طرح سنٹرل حج کمیٹی عازمین حج کو مدینہ منورہ میں ناشتہ اور دو وقت کا کھانا مفت فراہم کرے گی۔ اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی سے مکتوب وصول ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں چونکہ پکوان کا انتظام ممکن نہیں لہذا حج 2014ء میں حجاج کرام کو مفت طور پر طعام کے انتظام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں عازمین حج میں اُلجھن تھی کہ طعام کے سلسلہ میں ان سے زائد رقم وصول کی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین حج کو 2100 ریال جو فراہم کئے جاتے ہیں ان میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی اضافی رقم طعام کے سلسلہ میں وصول کی جائے گی۔ حج کمیٹی نے مجموعی اخراجات کے سلسلہ میں جو رقم طئے کی ہے اسی میں سے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں عمارتوں کی مالکین کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ حکومت سعودی عرب کے لائسنس یافتہ کیٹررس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے حجاج کرام کو ناشتہ اور دو وقت کا کھانا سربراہ کریں۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے لنچ اور ڈِنر کیلئے فی کس 7.50 ریال ادا کئے جائیں گے جبکہ ناشتہ کیٹرر کی جانب سے مفت دیا جائے گا۔ لنچ اور ڈِنر میں ہر حاجی کیلئے 150گرام چاول، 2روٹیاں، 100گرام دال سبزی، ترکاری کا سالن، 150گرام چکن یا مٹن کے علاوہ اچار اور دہی شامل رہے گا۔ ناشتہ کا انتظام کیٹرر اپنی سہولت اور حجاج کرام کی ضرورت کے مطابق فراہم کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ حج کمیٹی نے مدینہ منورہ میں آٹھ روزہ قیام کے دوران کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی عازمین حج سے اس سلسلہ میں زائد رقم وصول کئے بغیر اپنے طور پر کیٹرر کو فی عازم 120ریال کے حساب سے رقم ادا کرے گی۔ اکثر یہ دیکھا جاتا رہا ہے کہ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران پکوان کی سہولت نہ ہونے کے باعث حجاج کرام کو کھانے کے انتظام کے سلسلہ میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں مختلف ہوٹلوں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اس بار حجاج کرام کو خود ان کے روم میں کھانا فراہم کردیا جائے گا۔ اس سہولت سے حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں عبادات کی انجام دہی میں سہولت ہوگی۔اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج 2014ء کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ کے انعقاد کیلئے سنٹرل حج کمیٹی سے نمائندگی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ عیدالفطر کے بعد حیدرآباد میں عازمین حج کا ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد ہوگا۔سنٹرل حج کمیٹی ٹیکہ کی دوائی کا انتظام کرتی ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کا کام انجام دیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT