Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / حج کوٹہ میں اضافہ متوقع ، محرم کے بغیر 88 خواتین عازم حج

حج کوٹہ میں اضافہ متوقع ، محرم کے بغیر 88 خواتین عازم حج

تمام امبارکیشن برقرار، عازم کو متبادل کے انتخاب کی سہولت: عباس نقوی
نئی دہلی ۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نئی حج پالیسی کے تحت 2018 ء میں محرم کے بغیر حج کے لئے اب تک 88 خواتین کی درخواستیں مرکزی حج کمیٹی کو مل چکی ہیں۔اس حوصلہ افزا اطلاع کے ساتھ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں ہندستانی عازمین حج کے مجموعی کوٹے میں ممکنہ اضافے کا بھی بالواسطہ اشارہ دیا اورکہا کہ 2018 ء کے حج کو اپنی سہولتوں اور دوسرے امکانات کے ساتھ اور بہتر طریقے سے انجام تک لانے کی کوشش کی جائے گی جس میں قربانی کے کوپن کو بھی اب آپشنل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک 30 ہزار حج درخواستیں آن لائن موصول ہو چکی ہیں جو عازمین کے اندر نئی سہولتوں سے استفادہ کرنے کی بیداری کی واضح جھلک ہے ۔ آن لائن درخواستوں میں سے پندرہ فی صد درخواستیں موبائیل ایپس کے ذریعہ داخل کی گئی ہیں۔ آف لائن درخواستوں کی ابتک کی تعداد تین ہزار کے آس پاس ہے ۔محرم کے بغیر 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کے چار چار کے گروپ کی درخواستوں کے بارے میں انہوں نے بتا یا کہ ایسے 22گروپوں میں کیرالہ کی 72، مغربی بنگال کی چار، آسام کی چار اور یوپی کی آٹھ خواتین شامل ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسلک میں اس کی اجازت نہیں تو حکومت اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔امباررکیشن پوائنٹس میں کسی طرح کی کمی کے اندیشے کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اس بار جہاں عازمین تمام 21 امبارکیشن پوائنٹ سے سفر حج کر سکتے ہیں وہیں انہیں اپنے اخراجات میں کمی اور سہولتوں کا دائرہ ازخود متعین کرنے کے لئے امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب خود کرنے کا بھی موقع دیا جارہا ہے ۔وضاحت طلب کرنے پر عباس نقوی نے بتا یا کہ جموں کشمیر کا حاجی چاہے تو وہ دہلی سے بھی سفر حج کا انتخاب کر سکتا ہے ۔ اس طرح اسے ایک لاکھ 9 ہزار 692 روپے کی جگہ 73 ہزار 697 روپے ادا کرنے ہوں گے ۔ آسام کا عازم گوہاٹی پر کلکتے کو ترجیح دے کر 32 ہزار 619 روپے بچا سکتا ہے ۔رانچی اور گیا سے ابتک حج کرنے والے بھی کلکتے سے ارزاں سفر حج کا انتخاب کر سکتے ہیں۔سبسڈی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف ہوائی سفر تک محدود یہ سبسڈ ی کبھی عام نہیں رہی ۔ سرینگر ، گواہاٹی اور گیا میں جہاں اس سہولت سے عازم حج کوکرائے میں کمی کا فائدہ ملتا تھا وہیں ممبئی، احمد آباد، ناگپور ،بنگلور،کلکتہ،حیدرآبادوغیرہ کے ہوائی کرائے میں سبسڈی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔حج کمیٹی آف انڈیا اور پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج سے متعلق ایک سے زیادہ اختلافی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 2012 ء کے سپریم کورٹ کے متعلقہ فیصلے کے بعد حج کمیٹی نے کچھ سفارشیں پیش کی ہیں جو وزارت کے نزدیک زیر غور ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج پر بھی حکومت کی کڑی نظر ہے تاکہ کسی پرائیویٹ گروپ کی جانب سے حاجی کا استحصال نہ ہو ۔خاطی آپریٹروں کی سکیورٹی رقم ضبط کی جا سکتی ہے اور ایسے تین آپریٹر کی جانچ چل رہی ہے ۔ایک دیگر سوال کے جواب میں عباس نقوی نے کہا کہ حج کا مجموعی ہندستانی کوٹہ جو ایک لاکھ 70 ہزار ہے ، بڑھانے کے لئے سعودی ذمہ داران سے باہمی بات چیت چل رہی ہے جو جلد نتیجہ خیز ہوئی تو جنوری میں اس اضافے کا امکان ہے ۔وزیر حج نے ایک سائل کے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ حج امور کے وزارت خارجہ سے وزارت اقلیتی امور میں منتقلی سے غیر ملکی سفر حج کے بیرون ملک نظم کے ہندستانی قونصل خانے کے ذمہ داران جوابدہ نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت سعودی عرب میں بھی ہندستانی حاجیوں کے مفادات کا پاس رکھنے کی ذمہ دار ہے اور قونصل خانے کے ذمہ داران کا اسے بھر پور اشتراک حاصل رہتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT