Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج کیمپ میں عازمین کی روانگی کی جگہ کا عدم انتظام

حج کیمپ میں عازمین کی روانگی کی جگہ کا عدم انتظام

عمارات حج ہاوز میں مرمتی و تعمیراتی کاموں کا جائزہ ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا دورہ
حیدرآباد 5 اگسٹ (سیاست نیوز) حج کیمپ 2016 ء کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج حج ہاؤز کا دورہ کیا۔ اُنھوں نے حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ عمارت کی تعمیر و مرمت اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ اُنھوں نے بعض انتظامات کی عدم تکمیل پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ 19 اگسٹ سے حج کیمپ کا آغاز ہوجائے گا لہذا عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اندرون دو یوم تمام زیرالتواء کاموں کی تکمیل کرلیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسداللہ اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ساتھ عمر جلیل نے حج ہاؤز کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عمارت کے سیلر میں ڈرینج پائپ لائن کی درستگی کا کام جاری ہے جس کے سبب مسجد کے باتھ رومس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ اگر کام کے دوران اُنھیں کھول دیا جائے تو نئی پائپ لائن کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ حج ہاؤز سے متصل کھلی اراضی پر موجود ٹائلیٹس کو صفائی کے بعد مصلیوں کے لئے مختص کردیا گیا۔ عمر جلیل نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ پائپ لائن کی درستگی کا کام جلد مکمل کرلیں تاکہ مصلیوں کو زحمت نہ ہو۔ حج ہاؤز کے سیلر میں عازمین کی روانگی کا انتظام کیا جاتا ہے اور اکثر یہ دیکھا گیا کہ ایام حج کے دوران پائپ لائن پھٹ پڑتی ہے لہذا پائپ لائن کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیلر میں گندگی دور کرنے کے لئے خصوصی ہدایات دی گئیں کیوں کہ حج کیمپ کے دوران مختلف محکمہ جات کے اسٹالس اِس حصہ میں قائم کئے جاسکتے ہیں۔ عہدیداروں نے عازمین کی روانگی کے انتظام کے بارے میں قطعی طور پر جگہ کا انتخاب نہیں کیا ہے۔ عمر جلیل نے تجویز پیش کی کہ گزشتہ سال کی طرح کھلے مقام پر خصوصی ٹینٹ میں روانگی کا انتظام کیا جائے کیوں کہ اہم شخصیتوں کی موجودگی میں سیلر میں کسی طرح کی گندگی ناقابل قبول ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ حج ہاؤز کی عمارت کی آہک پاشی کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ گزشتہ 14 برسوں میں عمارت کو ایک مرتبہ بھی کلرنگ نہیں کی گئی جس کے لئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ 19 اگسٹ کی صبح سے عازمین حج کی آمد کا آغاز ہوجائے گا اور جاریہ سال زیرتعمیر عمارت کی تین منزلوں کو عازمین کی رہائش کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کے لئے رہائش کے علاوہ طعام کے بھی انتظامات مفت کئے جارہے ہیں اور گزشتہ سال کی طرح تین وقت صحت بخش غذائیں سربراہ کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں اور واٹر پروف ٹینٹ کی تنصیب کا آغاز ہوچکا ہے۔ سپلائنگ کمپنی کے ذمہ دار نے حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ 10 تا 15 اگسٹ کے درمیان ٹینٹ کی تنصیب اور دیگر تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسداللہ نے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ حج کیمپ کے مؤثر انتظامات کے لئے وقف بورڈ درکار فنڈس خرچ کرنے تیار ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT