Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حج کیمپ کی کامیابی پر مرکزی و ریاستی عہدیداروں کو تہنیت

حج کیمپ کی کامیابی پر مرکزی و ریاستی عہدیداروں کو تہنیت

اعتراف خدمات و توصیف ناموں کی پیشکشی، محمدمحمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/28اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے حج 2017 کے کامیاب کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے 36 مرکزی و ریاستی محکمہ جات کے عہدیداروں اور ملازمین سے اظہار تشکر کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں حج کیمپ میں اہم رول ادا کرنے والے ملازمین کو توصیفی اسنادات حوالے کئے گئے اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سعودی ایر لائنز، پولیس، کسٹمس، ایمیگریشن، جی ایم آر، ٹی آئی ایس ایف، ٹرانسکو، آر ٹی سی، جی ایچ ایم سی، فائر سرویسیس اور ٹریفک عہدیداروں کو توصیفی اسنادات حوالے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج 2017 کے بہترین انتظامات کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ سال انتظامات اور مزید بہتر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کی خواہاں ہے اور حکومت نے حج کمیٹی کا بجٹ 3 کروڑ روپئے مختص کیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی اور خاص طور پر اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی ستائش کی کہ انہوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے حج کیمپ کو کامیاب بنایا اور تمام محکمہ جات کے عہدیداروں سے بہتر تال میل بنائے رکھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت سے حج کا ثواب حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں حج کے بہترین انتظامات کا اعزاز تلنگانہ کو حاصل ہوا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو باہم تال میل کے ذریعہ آئندہ کا پروگرام تیار کرنا چاہیئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج کیمپ کے انعقاد میں تعاون پر محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال 20,601 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے 3488 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ تلنگانہ کے 43 عازمین ممبئی سے روانہ ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT