Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حج کیمپ کے لیے بیورو آف سیول ایویشن سیکوریٹی کا جائزہ

حج کیمپ کے لیے بیورو آف سیول ایویشن سیکوریٹی کا جائزہ

19 اگست سے کیمپ کا آغاز ، عازمین کو شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2016 کیلئے حج ہاوز میں انتظامات کا آج بیورو آف سیول ایویشن سیکوریٹی کے عہدیداروں نے جائزہ لیا۔ بی سی اے ایس عہدیداروں کی ٹیم کے علاوہ ایر انڈیا کے عہدیدار بھی اس معائنہ کے وقت موجود تھے۔ 19 اگسٹ سے شروع ہونے والے حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے یہ دورہ کیا گیا۔ اس دورہ کی اہمیت اس اعتبار سے ہے کہ بیورو آف سیول ایویشن سیکوریٹی کی منظوری کے بعد ہی کیمپ کے آغاز کی اجازت دی جاتی ہے۔ یہ عہدیدار اپنی رپورٹ وزارت سیول ایویشن کو پیش کرتے ہیں جس کے بعد حج کمیٹی کو کیمپ کے آغاز کی اجازت دی جاتی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بیورو اور ایر انڈیا کے عہدیداروں کو انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ عہدیداروں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بعض تجاویز پیش کی۔ عازمین حج کی روانگی اور خاص طور پر لگیج کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا عہدیداروں نے جائزہ لیا۔ عازمین کے لگیج کی منظوری کے بعد اسے محفوظ طریقہ سے طیارہ تک پہنچانا اس ادارہ کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین حج کی روانگی سے متعلق انفرادی شیڈول کی اجرائی کا آغاز کردیا ہے۔ ابھی تک 60 فیصد سے زائد عازمین کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا گیا جس کی راست طور پر عازمین کو بھی اطلاع دے دی جائے گی۔ آئندہ دو یا تین دن میں باقی عازمین کا بھی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ حج شیڈول کا 21 اگسٹ سے آغاز ہوگا اور 28اگسٹ تک 15 پروازیں رہیں گی۔ عازمین حج کے پہلے قافلہ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی روانہ کریں گے۔ جبکہ دوسرے قافلہ کی روانگی کے وقت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی شرکت متوقع ہے۔ 15 فلائیٹس میں ابتدائی 8 فلائیٹس تلنگانہ کے عازمین کی ہوں گی جبکہ 4 آندھرا کے عازمین کے ہوں گے۔ کرناٹک کے عازمین کیلئے 2فلائیٹس ہوں گی اور آخری فلائیٹ ویٹنگ لسٹ اور دونوں ریاستوں کے مابقی عازمین پر مشتمل ہوگی۔ کسٹمس حکام کی جانب سے ممنوعہ اشیاء کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جاریہ سال عازمین حج کو فی کس 25ہزار روپئے تک انڈین کرنسی لے جانے کی اجازت ہے جبکہ سابق میں یہ رقم 10 ہزار روپئے تھی۔ اس کے علاوہ ہر عازم 5 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی سعودی کرنسی اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ اسی دوران تعطیلات کے باوجود تلنگانہ حج کمیٹی کا دفتر حج کیمپ کے آغاز تک مسلسل کھلا رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT