Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / حج ہاؤز سے تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ

حج ہاؤز سے تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ

 
ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جھنڈی دکھائی ، روانگی کے موقع پر جذباتی مناظر ، پولیس کے سخت صیانتی انتظامات
حیدرآباد۔21اگسٹ ( سیاست نیوز ) تلبیہ کی گونج اور روح پرور مناظر کے درمیان حیدرآباد حج ہاؤز سے آج عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ ہوا۔ حیدرآباد سے جدہ روانہ ہونے والے ان 340عازمین حج میںایک خادم الحجاج شامل ہیں۔ حج ہاؤز سے عازمین کے پہلے قافلہ کی روانگی کیلئے وسیع و عریض انتظامات کئے گئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں عازمین کے رشتہ دار انہیں روانہ کرنے کیلئے موجود تھے ۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے جہاں رشتہ دار اللہ کے مہمانوں کو بدیدۂ نم روانہ کر رہے تھے۔ ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کے پہلے قافلہ کو جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے حج ہاؤز سے روانہ کیا بعد ازاں انہوں نے عازمین کے قافلہ کو شمس آباد ائیر پورٹ سے بذریعہ ائیر انڈیا جدہ روانہ کیا۔ حالت احرام میں عازمین حج کی روانگی سے حج ہاؤز نامپلی کے علاوہ اطراف و اکناف کی سڑکوں پر بھی روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ عازمین کی روانگی کیلئے حج ہاؤز میں سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پہلے قافلہ کی روانگی سے قبل مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے رخت انگیز دعاء کی۔ قبل ازیں جناب محمد محمود علی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں با لخصوص مسلمانوں کی مجموعی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ائیر پورٹ کے قریب نئے حج ہاؤز کی تعمیر کے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انھوںنے کہا کہ ریاستی حکومت کو عازمین کی خدمت کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے اور حکومت اسے اپنی خوش بختی تصور کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت تلنگانہ کی جانب سے عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے عہد کی پابند ہے۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیت دوست قائد ہیں اور جاریہ سال عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے 4کروڑ تک کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں حج کمیٹی کو اس خصوص میں صرف 2کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی جاتی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج ہاؤز سے عازمین کی روانگی کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا عازمین سے اپیل کی کہ وہ ریاست اور ملک میں امن و امان کیلئے خصوصی دعاء کریں۔ عازمین کے پہلے قافلہ کی روانگی تقریب میں جناب چودھری محبوب علی قیصر صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا ‘جناب خواجہ خلیل اللہ صدرنشین وقف بورڈ ہماچل پردیش‘ محترمہ طیبہ آفندی رکن مرکزی حج کمیٹی ‘صدرنشین ایوان کمیٹی برائے اقلیتی بہبود جناب شکیل اللہ عامر‘ ارکان قانون ساز کونسل جناب فاروق حسین ‘ جناب محمد سلیم ‘ ایم ایس پربھاکر ‘ رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج‘ جناب محمد عمر جلیل سیکریٹری محکمۂ اقلیتی بہبود ‘ جناب محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس منیجنگ ڈائیریکٹر تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو ہر ممکنہ سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے لمحۂ آخر میں گرین زمرے کے عازمین کو پکوان کی سہولت فراہم نہ کئے جانے کے سبب عازمین کو کچھ دشواری ہو گی لیکن اس کا تعلق سعودی حکومت کے فیصلہ سے ہے اسی لئے ریاستی و مرکزی حج کمیٹی کچھ بھی کرنے سے قاصر ہے۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے 200عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج روانہ کیا جارہا ہے تاکہ عازمین کی رہبری ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے پروازوں کے شیڈول کے متعلق بتایا کہ28اگسٹ تک جملہ 15 پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی نے بتایا کہ عازمین کی روانگی کے انتظامات ایک چھت تلے یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ عازمین کی روانگی تقریب سے جناب شکیل اللہ عامر‘جناب فاروق حسین ‘ جناب الحاج محمد سلیم‘ جناب چودھری محبوب علی قیصر اور دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سفر حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ وہ اللہ کے مہمان بن کر روانہ ہو رہے ہیں ۔
مقررین نے کہا کہ اللہ رب العزت اپنے منتخبہ بندوں کو اس موقع سے سرفراز کرتا ہے۔ حجاج اکرام حج بیت اللہ اور زیارت مدینہ منورہ کے دوران تمام آداب کو ملحوظ رکھیں۔عازمین کی حج ہاؤز سے آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ شمس آباد ائیرپورٹ روانگی عمل میں آئی ۔حج ہاؤز میں اس موقع پر محکمہ کسٹمس ‘ ایمیگریشن ‘ ائیر انڈیا اور دیگر متعلقہ عہدیدارسرگرم رہے اور عازمین کی روانگی میں ان کی رہبری کی۔

TOPPOPULARRECENT