Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہائوز کا آبرسانی کنکشن منقطع، 80 لاکھ کا بل باقی

حج ہائوز کا آبرسانی کنکشن منقطع، 80 لاکھ کا بل باقی

حیدرآباد۔20 جولائی (سیاست نیوز) حج 2017ء کے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کے دوران یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ حج ہائوز نامپلی کا آبرسانی کنکشن منقطع ہوچکا ہے اور عازمین حج کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں ہوگا۔ اجلاس کے دوران جب واٹر ورکس کے عہدیداروں کو موثر سربراہی کے سلسلہ میں ہدایت دی گئی تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر اور دیگر عہدیداروں کو حیرت میں ڈال دیا کہ ڈپارٹمنٹ نے حج ہائوز کا واٹر کنکشن منقطع کردیا ہے۔ لہٰذا نل کے ذریعہ پانی کی سربراہی ممکن نہیں ہے۔ وجوہات کے بارے میں استفسار پر واٹر ورکس کے عہدیداروں نے بتایا کہ حج ہائوز کی تعمیر کے بعد سے کبھی بھی آبرسانی کا بل ادا نہیں کیا گیا جو جرمانہ در جرمانہ کے ساتھ بڑھ کر 80 لاکھ روپئے ہوچکا ہے اور وقف بورڈ نے کبھی بھی رقم ادا کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے واٹر ورکس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وقف بورڈ سے بل کے معاملہ کو باہمی مشاورت کے ذریعہ حل کرلیں لیکن حج کیمپ کے دوران عمارت کا آبرسانی کنکشن بحال ہونا چاہئے تاکہ عازمین کو صاف پینے کا پانی میسر ہوسکے۔ عہدیدار نے اس سلسلہ میں منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس داناکشور سے بات چیت کے بعد فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ بل کی ادائیگی کے مسئلہ کو باہمی مشاورت کے ذریعہ حل کرلیں تاکہ عمارت میں موجود سرکاری دفاتر کو صاف پینے کا پانی حاصل ہوسکے۔

TOPPOPULARRECENT